امریکہ نے شہریوں پر شمالی کوریا کے سفر کیلئے نئی پابندیاں عائد کردیں
واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو سیاحت کی غرض سے شمالی کوریا کا رخ نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ یہ اعلان سیاحت کے لیے شمالی کوریا جانے والے ایک طالب علم کے جیل میں فوت ہو جانے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ اس پابندی کا اطلاق یکم ستمبر سے ہو گا۔ امریکی حکام کے مطابق شمالی کوریا میں سیاحت کے لیے جانے والے امریکی شہریوں کی زندگیوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں، اس لیے وہ پیانگ یانگ کا رخ نہ کریں۔ امریکی حکومتی بیان کے مطابق امریکی پاسپورٹ، بغیر خصوصی اجازت کے، شمالی کوریا کے سفر کے لیے ناکارہ ہوں گے۔