• news

دھرنا پارٹی نے توانائیاں نظام کمزور کرنے‘ سازشوں میں صرف کیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی سیاست رواداری، برداشت اور شائستگی کے اصولوں پر مبنی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کے ریکارڈ اس کی قیادت کی سوچ اور ویژن کے عکاس ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ملک کو درپیش چیلنجز کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پر ڈالا ہے جبکہ دوسری جانب ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں نے ترقی اور عوام کی خوشحالی کو داؤ پر لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور عوام کی خوشحالی وترقی کے سفر کو روکنے کیلئے مخالفین نے نت نئی سازشیںکی ہیں لیکن مخالفت اور سازشوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو گھمبیر مسائل سے نکالنے کیلئے تاریخی کردار ادا کیا ہے اور عوام کی ترقی کے مخالفین کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ان کے ہرحربے کو ناکام بنایا ہے۔ الزام تراشی اور جھوٹ کی تکرارسے نوازشریف کی محبت کو عوام کے دلوں سے نکالا نہیں جا سکتا۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہملک کی ترقی اور عوامی خدمت کے بے مثال اقدامات پر عوام نے نوازشریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ گڈ گورننس، میرٹ اور شفافیت مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے جبکہ دوسری طرف بلندوبانگ دعوے اور نام نہاد تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کی اصلیت کھل چکی ہے۔ دھرنا سیاست نے ملک کی ترقی کو نقصان پہنچایا ہے اور ان مایوس عناصر کو آئندہ بھی مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ چار برس میں دھرنا پارٹی نے اپنی تمام توانائیاں نظام کو کمزور کرنے اور سازشوں میں صرف کیں۔ملک کی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے آئندہ انتخابات میں عوام کے احتساب سے نہیں بچ پائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک نازک دورسے گزررہا ہے اورموجودہ صورتحال میںمعاشرے میں نفاق اورانتشار پیدا کرنے والے قوم پر رحم کریں۔ نوازشریف کے چارسال کے دوران اقدامات سے قومی معیشت مضبوط ہوئی ہے۔ ملک کی ترقی کے راستے میں باربار رکاوٹیں کھڑی نہ کی جاتیں تو پاکستان آج ترقی کی بلندیوں پر ہوتا ۔ترقی کے سفر کو نقصان پہنچانے والے عناصر عوام کو منہ دکھانے کے لائق بھی نہیں رہیں گے۔ ہم نے عوامی خدمت کا عزم کررکھا ہے اورکوئی سازشی ہمیں خدمت خلق سے نہیں روک سکتا۔ عوام کے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔ ملکی ترقی کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ ہم نے اپنا ہر لمحہ عوا م کی خدمت اورملک کی ترقی کیلئے وقف کررکھا ہے۔ عوام کی خدمت کے جرم کی پاداش میں جو بھی پہاڑ ٹوٹے اس کی کوئی پروا نہیں۔ ہمیشہ عام آدمی کی بحالی کا سوچا اور ملک کو ترقی سے ہمکنار کرنے کو مقدم جانا ہے۔ شہباز شریف نے حلف اٹھانے والے وفاقی کابینہ کے ارکان کو مبارکباد دی ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ نئے وزراء ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور نوازشریف کے ویژن کے مطابق ملک کو خوشحال، مستحکم اور پرامن بنانے کیلئے تیزی سے آگے بڑھا جائے گا۔شہباز شریف نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پیغام میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن پر اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پولیس شہداء پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ پولیس کے شہداء نے پاک وطن کے امن کیلئے بہادری اور جرأت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن