.مسلم لیگ (ن) کے 300 مشتعل افراد نے لال حویلی پر حملہ کیا، شیخ رشید کا الزام
راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے + نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے الزام لگایا ہے کہ چیئرمین یونین کونسل آریہ محلہ کی قیادت میں تین سو لوگوں نے لال حویلی پر دھاوا بول دیا۔ دھاوا بولنے والوں نے اسلحہ لہرایا۔لال حویلی اور مجھے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ لال حویلی پر مسلم لیگ ن کے مشتعل کارکنوں نے حملہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکن یوسی 45 سے ریلی لیکر نکلے تھے۔ لیگی کارکنوں نے لال حویلی کے باہر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ میں لال حویلی کے اندر تھا پولیس کے آنے پر دھاوا بولنے والے بھاگ گئے۔ دریں اثناءچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) اپنے پرانے راستے غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اداروں اور سیاسی مخالفین پر حملے کررہی ہے۔ ن لیگی کارکنوں کی جانب سے لال حویلی پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، ایسی کارروائیوں کو برداشت نہیں کریں گے۔ دریں اثناءشیخ رشید نے لال حویلی پر حملے کے خلاف تھانے میں درخواست دیدی۔ شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے تھانہ وارث خان میں درخواست دی۔ درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے غنڈے مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں۔ پانامہ میں درخواست گزار ہونے پر ڈرایا دھمکایا جارہا ہے۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے یوسی چیئرمین ملک سلطان محمود نے کہا کہ میری ریلی معمول کے مطابق بوہڑ بازار سے گزری۔ میری ریلی کے شرکاءانتہائی پرامن تھے تاہم وہ میاں نواز شریف سے یکجہتی کیلئے ریلی میں انتہائی پرجوش تھے لیکن لال حویلی پر نہ پتھراﺅ کیا نہ کوئی حملہ کیا گیا۔ یہ لال حویلی والوں کی فیک کہانی ہے جو سستی شہرت کیلئے گھڑی گئی ہے۔ میئر راولپنڈی سردار نسیم نے شیخ رشید کے الزامات پر ردعمل میں کہا ہے کہ لال حویلی پر ن لیگ کے کسی کارکن نے حملہ نہیں کیا، رشید رشید سفید جھوٹ بول رہے ہیں۔ ن لیگ کی ریلیوں سے عمران خان اور شیخ رشید کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ شیخ رشید پراصل حملہ 2018ءکے الیکشن میں ووٹوں کے ذریعے ہوگا۔ الیکشن میں شیخ رشید اور عمران خان کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لال حویلی کے باہر پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیا ہے اور آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کئی روز سے مسلم لیگ (ن) کو کھٹک رہا ہوں جس دن شاہد خاقان عباسی منتخب ہوئے، اس دن ایوان میں عمران خان اور شیخ رشید کے خلاف نعرے لگے، لال حویلی مجھے جان سے عزیز ہے، مر جاﺅں گا کسی کو لال حویلی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دوں گا۔ لال حویلی حملے کے خلاف تھانے میں درخواست دی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ حکمران انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، خانہ جنگی کی طرف جارہے ہیں۔ پانامہ سے زیادہ مشکل کیس نیب ریفرنس کا ہوگا۔ جب سے وزیراعظم کا امیدوار نامزد ہوا میرا پیچھا کیا جارہا ہے۔ سپیکر ایاز صادق کو مجھ پر قومی اسمبلی میں حملے کا پتہ تھا، جان دیدوں گا چوروں، ڈاکوﺅں کے سامنے سر نہیں جھکاﺅں گا۔ میں ڈرنے والا نہیں، عمران نے فون کرکے صورتحال معلوم کی، میں خودکش سیاستدان ہوں۔