نوازشریف کی ہٹ دھرمی نے ملک اور جمہوریت کو شدید نقصان پہنچایا: زرداری
دبئی (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے عید کے بعد ملک بھر میں انتخابی مہم چلانے کا اعلان کردیا انہوںنے یہ اعلان پارٹی رہنما سعید غنی سے ملاقات کے بعد کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کا حصول یقےنی بنانے کیلئے ہر صوبے کا دورہ کروں گا، نواز شریف کی ہٹ دھرمی کے باعث ملک اور جمہوریت کو شدید نقصان پہنچا اور اگر ان کو مزید وقت ملا تو وہ جمہوریت کا جنازہ نکال دینگے۔ انہوںنے کہا کہ میاں صاحب کو کہا کہ مستعفی ہوجائیں ورنہ دمادم مست قلندر ہوگا لیکن وہ نہ مانے اور پھر عدالتی فیصلے کے بعد خود ہی دمادم مست قلندر کردیا۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ ہم نے اداروں کو آئینی طریقے سے مضبوط کیا اور جمہوریت کو تقویت بخشی لیکن افسوس کہ نواز شریف نے روایات کو پس پشت ڈال دیا اگر روایات برقرار رکھی جاتی تو میاں صاحب کو یہ دن دیکھنا پڑتے اور نہ ملکی حالات مزید خراب رہتے۔