• news

`باکسر عامر خان نے اہلیہ فریال سے علیحدگی اختیار کر لی

دبئی ، مانچسٹر (نوائے وقت رپورٹ+ عارف چودھری) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے فریال مخدوم سے علیحدگی اختیار کر لی۔ اس حوالے سے باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ میں نے اور میری بیوی فریال مخدوم نے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فریال کافی عرصے سے کسی اور کے ساتھ رہنا چاہتی تھی، حسد نہیں کرتا، لڑکے کی تصویریں بھیجنے کی ضرورت نہیں، میں نے اپنی بیوی کیلئے دوستوں اور اپنے گھر والوں کو بھی چھوڑ دیا تھا، دبئی میں ہوں فریال کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، میری اور فریال کی علیحدگی رضامندی سے ہوئی ہے، رقابت کے جذبات نہیں رکھتا، اس شخص کی تصویریں مجھے بھیجنے کی ضرورت نہیں، فریال مخدوم ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن انتھنی جوشوا کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔ فریال واضح کرتی رہی تھی کہ وہ کسی اور کے ساتھ رہنا چاہتی ہے، جوشوا جیسا شخص میرے مقابلے میں بالکل کچرا ہے، فریال سے علیحدگی پر کوئی دکھ نہیں۔ دوسری جانب فریال مخدوم نے عامر خان کو جواب میں کہا ہے کہ تم نے اپنے خاندان کو میری وجہ سے نہیں بلکہ ان کی دولت کی ہوس کی وجہ سے چھوڑا کیونکہ وہ تمہیں لوٹ رہے تھے، تم نے دوسرے باکسر پر صرف اس لئے الزام لگایا کیونکہ تمہارا باکسنگ کیریئر ختم ہو چکا ہے، باکسر اینتھنی جوشوا تم سے بہتر ہے، میرے پاس اتنے ثبوت ہیں کہ عامر خان کو تباہ کر سکتے ہیں تاہم مجھے کسی زمانے میں عامر خان سے محبت تھی، گھر کے تمام بل میں ادا کرتی تھی، بچی کے اخراجات تک میں پورے کرتی تھی، تین سال تک ایک دھوکے باز کا دفاع کرتی رہی، دھوکے باز کم از کم میرے سکینڈل ہر مہینے اخباروں کی زینت نہیں بنتے۔ فریال مخدوم نے کہا کہ تنہا ماں کی طرح زندگی گزار رہی تھی اور عامر خان باہر لڑتا پھر رہا تھا، میری زندگی کا اہم موڑ آ گیا، آگے بڑھنا چاہتی ہوں، تم ہار چکے ہو، تمہارا کیریئر بدکرداری کی وجہ سے ختم ہو چکا ہے۔ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن انتھونی جوشوا نے امید کا اظہار کیا ہے کہ باکسر عامر خان اور فریال مخدوم مسئلہ جلد حل کر لیں گے۔ میں فریال مخدوم سے کبھی ملا ہی نہیں لگتا ہے کہ دونوں کے ٹویٹر اکاﺅنٹ ہیک ہو گئے ہیں۔فریال مخدوم نے کہا کہ شادی بچانے کی سو فیصد کوشش کی اس لئے میرا سر بلند ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن