حکومت بتائے ایس ای سی پی کا مستقل چیئرمین کب تعینات ہو گا: ہائیکورٹ، رپورٹ طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سکیورٹیز ایکسچینج کمیشن کے قائم مقام چیئرمین کو عہدے سے ہٹا کر مستقل چیئرمین کی تعیناتی سے متعلق وفاقی حکومت سے رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا ہے کہ اہم عہدے کو قائم مقام کے ذریعے چلایا جا سکتا ہے نہ ہی ظفر حجازی کا ٹرائل مکمل ہونے تک عہدے کو خالی رکھا جا سکتا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ظفر حجازی کے خلاف ریکارڈ ٹمپرنگ کے الزام کے تحت مقدمہ درج ہو چکا ہے لہٰذا عدالت انہیں عہدے سے ہٹانے کے احکامات صادر کرے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے سکیورٹیز ایکسچینج کمشن کی جانب سے جواب داخل کرتے ہوئے عدالت کو آگاہ کیا کہ ظفر حجازی کی معطلی کے باعث قائم مقام چیئرمین تعینات کر دیا گیا ہے۔ قانون کے تحت ایک سو بیس یوم میں مستقل چئیرمین کی تعیناتی کی جا سکتی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ قائم مقام چیئرمین کی تعیناتی کوئی عہدہ نہیں، معاملہ سپریم کورٹ میں زیرالتواءہے، عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ ایس ای سی پی کے مستقل چئیرمین کی تعیناتی کب عمل میں لائی جائے گی۔