• news

بدعنوانی سے انکار کا پیغام ہر سطح پر پہنچایا جا رہا ہے: چیئرمین نیب

اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کے تمام طبقوں نے نیب کی بدعنوانی کے تدارک اور آگاہی کی مہم کو سراہا ہے، بدعنوانی کی روک تھام کیلئے نیب کا بدعنوانی سے انکار کا پیغام ہر سطح پرعوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آگاہی و تدارک مہم پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کو قومی احتساب آرڈیننس کے سیکشن 33 سی کے تحت بدعنوانی کیخلاف آگاہی اور اس کے خاتمے کا مینڈیٹ حاصل ہے۔ نیب کی آگاہی اور تدارکی فعال مہم کے تحت نیب کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اداروں، میڈیا، سول سوسائٹی اور معاشرے کے دیگر طبقات سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مختلف طبقات کی مثبت تجاویز کی بدولت نیب کی آگاہی اور تدارک کی مہم پورے ملک میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا مو¿ثر اورمثبت طور اجاگر ہوئی جس کی معاشرے کے تمام طبقات نے تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے نیب کی کوششوں سے تمام شیڈولڈ بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں پر بدعنوانی سے انکار کا پیغام درج ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر ایوان صدر اسلام آباد میں ایک قومی سیمینار منعقد کیا جس میں صدر پاکستان، سفارتکاروں، اعلیٰ سرکاری حکام، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایوان صدر میں ایک واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت صدر پاکستان نے کی جس میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن