گوجرانوالہ: غربت سے تنگ معمر خاتون 5 سالہ پوتے کو علاج کرانے فروخت کیلئے ہسپتال پہنچ گئی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) غربت کے ہاتھوں مجبور معمر خاتون چار روز سے کھانا نہ ملنے پر بیمار ہونیوالے 5 سالہ پوتے کا علاج معالجہ کروانے اور اسے فروخت کرنے کیلئے ہسپتال پہنچ گئی۔ نوشہرہ روڈ کی رہائشی معمر خاتون زبیدہ بی بی اپنے 5 سالہ بیمار پوتے مبشر کو لیکر علاج معالجہ کیلئے سول ہسپتال پہنچ گئی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا سلیم اپاہج ہے جبکہ بہو تین سال قبل وفات پاگئی تھی، اہلخانہ کی کفالت کیلئے کوئی آسرا نہ ہونے کے باعث گھر میں فاقے ہیں جس کے باعث وہ چار روز سے بھوکے ہیں۔ بھوک کے باعث اس کے پوتے کی طبیعت بگڑ گئی ہے جس پر وہ اس کے علاج معالجہ اور اسے فروخت کرنے کیلئے ہسپتال آئی ہے۔