افغانستان میں امن پر تعاون کے خواہاں ہیں، پاکستانی سر زمین دہشتگردی کےلئے پڑوسیوں کےخلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے: امریکہ
اسلام آباد+ واشنگٹن+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن+ اے این این) امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے دو روزہ دورہ پاکستان کے دوران وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کیں۔ ایلس ویلز نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی سے بھی ملاقات کی۔ ایلس ویلز نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بیش بہا قربانیاں قابل تعریف ہیں۔ پاکستان سے سکیورٹی‘ تجارت‘ افغانستان میں قیام امن پر تعاون کے خواہاں ہیں۔ پاکستانی سرزمین پڑوسیوں کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہئے۔ امریکہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان کے ساتھ مل کر چلیں گے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیتھر نوارٹ نے میڈیا بریفنگ کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو عہدہ سنبھالنے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان کے ساتھ باہمی مفادات کے معاملات پر مل کر آگے بڑھیںگے۔ انہوں نے کہا امریکہ کے پاکستان کے ساتھ عوامی سطح پرمضبوط تعلقات ہیں تاہم آئندہ مستقبل میں بھی پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔