فیصل آباد: مسافر بس ڈالہ میں تصادم‘ خاتون سمیت6 مسافر جاں بحق‘18 زخمی
فیصل آباد+ سمندری+ میانوالی + جھنگ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) ملتان سے فیصل آباد آنے والی مسافر بس سمندری کے قریب ڈالہ سے ٹکرا کر اُلٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 6 مسافر جاں بحق ہو گئے جبکہ 8خواتین سمیت 18مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ گزشتہ صبح 6 بجے نجی کمپنی کی بس ملتان سے فیصل آباد آتے ہوئے تھانہ سٹی سمندری کے علاقہ چک نمبر470گ۔ب راجباہ کے قریب سامنے سے آنے والے ڈالہ سے ٹکرا کر بے قابو ہو کر اُلٹ گئی جس کے نتیجہ میں بس میں ملتان کے چار مسافر یونس ولد معراج، کالی ولد رفیق، سعید ولد اقبال، اکرم ولد فضل اور ڈجکوٹ کا رمضان ولد اللہ بخش جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک نامعلوم خاتون الائیڈ ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئی اور ساجد، گلزار، فیض، صفدر، ہمایوں، امانت، اسلم، یونس، خالد سرداراں، راحیلہ، ثنائ، حمیرا، حلیمہ، شبنم اور شہناز شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو1122 کی امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو سول ہسپتال سمندری منتقل کر دیا۔ حادثہ ہونے پر قریبی دیہات کے سینکڑوں لوگ موقع پر جمع ہونے سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ پولیس نے بس اور ڈالہ قبضہ میں لے کر کارروائی شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق محلہ سمن آباد پپلاں کا عرفان موٹر سائیکل پر زلیخا بی بی کے ساتھ تاریخ پیشی بھگت کر واپس جا رہا تھا کہ پل سلطانیوالہ کے قریب جنوبی طرف سے آنے والی بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجہ میں عرفان اور زلیخا بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ بس ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔جھنگ میں چمرانوالی کے قریب تیز رفتار کار الٹنے سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق تین زخمی ہوگئے۔ فیصل آباد سے جھنگ آنے والی کار نمبری LEB3336تیز رفتار ی کی وجہ سے سامنے پیدل آتی خاتون کو بچاتے ہوئے الٹ کر قلابازیاں کھاتی ہوئی دوکان میں گھس گئی جس سے دکان کی چھت گرگئی۔حادثہ میں 30 سالہ سعید اور 60 سالہ خورشید بی بی موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 24 سالہ اقرائ،28 سالہ شفیق اور 30 سالہ سعید خورشیدزخمی ہوگئے زخمیوںکو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔