بھارت میں پاکستان کا نام لینا بھی جرم، گلوکار میکا سنگھ کو شدید تنقید کا سامنا
ممبئی (آن لائن)معروف بھارتی گلوکار میکا سنگھ کو پاکستان کا نام لینے پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکا سنگھ پاکستان اور بھارت کے یوم آزادی بالترتیب 14 اور 15 اگست کو امریکی شہر ہیوسٹن میں کنسرٹس میں شرکت کرنے والے ہیں اور انہیں اس کے لیے اپنے ایک ویڈیو پیغام پر تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔میکا سنگھ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ لوگ بھارت اور 'اپنا پاکستان' کے یوم آزادی کا جشن ان کے ساتھ مل کر منائیں۔ اس ویڈیو میں وہ امریکہ سے تعلق رکھنے والے پروموٹر کے ساتھ اپنے شوز کی پروموشن کررہے ہیں۔میکا سنگھ نے کہا '15اگست کو ہمارا بھارت آزاد ہوا تھا اور 14 کو ہمارا پاکستان'۔ اس کے بعد سے چالیس سالہ گلوکار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور بھارتی عوام کافی مشتعل نظر آتے ہیں۔ان لوگوں نے پاکستان پر الزامات کی بارش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ملک کی آزادی کا جشن ہم کیوں منائیں۔کچھ کا کہنا تھا کہ پیسہ ملک کی آزادی سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے اور میکا سنگھ بھی پیسے کے دیوانے ہیں۔