کشمیری خانہ کعبہ اور مدینہ منورہ کے بعد پاکستان کو مقدس ترین سمجھتے ہیں: فاروق حیدر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم آزادکشمیروصدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی ومرکزی تنظیم کا اجلاس، اجلاس میں 10 اضلاع کے صدور سمیت مرکزی و ضلعی عہدیداران کی شرکت، اجلاس میںقائد مسلم لیگ (ن) و سابق وزیراعظم نوازشریف، وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کی قیادت پر مکمل اعتماد کی قراردادیں متفقہ طور پر منظور، اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ کشمیری پاکستان کو خانہ کعبہ اور مدینہ منورہ کے بعد مقدس ترین سرزمین سمجھتے ہیں، الحاق پاکستان کشمیریوں کے یقین ہی نہیں ایمان کا بھی حصہ ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر کے خلاف پروپیگنڈا پاکستان اور آزاد کشمیر کے مذہبی، سیاسی، سماجی، جغرافیائی، گہرے نظریاتی تعلقات کے خلاف ایک سازش ہے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف کو انکی خدمات اور ملک کو ترقی کی شاہراہ پرگامزن کرنے پر شاندارالفاظ خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری ہے۔ جموں وکشمیر ہائوس اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوازشریف کے دورہ لاہور کے دوران آزادکشمیر کے عوام بالخصوص لیگی کارکن انکے ہمراہ ہوں گے اور اس سلسلہ میں انکے استقبال کو بھرپور بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی جانب سے نوازشریف کے استقبال کیلئے قائم کمیٹی کے سربراہ مشتاق منہاس جبکہ عبدالخالق وصی اور ملک ذوالفقار کوآرڈینیٹر ہوں گے۔ کمیٹی ممبران میں ناصر ڈار چودھری اسماعیل اسد علیم شاہ چوہدری جاوید اختر شامل ہیں۔ اجلاس کے آخر میں قرارداد پیش کی گئی جس کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا قرارداد میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد جموں وکشمیر کا یہ اجلاس سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قیادت پر اپنے غیر متزلزل یقین کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور نومنتخب وزیراعظم پاکستان شاہد خاقا ن عباسی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور تعاون کا یقین دلاتا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی بانی جماعت ہے ہم نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں پاکستان سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ اس کیلئے کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں کشمیری 70 سالوں سے تکمیل پاکستان کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔