مسلم لیگ ن کے ہر دور میں سیاسی بحران پیدان کرکے ترقی کا راستہ روکنے کی سازش کی گئیں :شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ محمدنوازشریف تعمیری سوچ اور ترقیاتی فکر کا نام ہے اور وہ ایسے لیڈر ہیں جن کا دل عوام کی محبت سے سرشار ہے ہمیں ان کی بے مثال او رمخلص قیادت پر فخر ہے۔ نوازشریف کی قومی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ان کی قیادت میں حکومت نے عام آدمی کی بھلائی کیلئے بے پناہ کام کیاہے اور پاکستان نے ترقی کے وہ اہداف حاصل کئے ہیں جن کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ مسلم لیگ (ن) نے عوامی خدمت کے تاریخی ریکارڈ قائم کئے ہیں ہمارا ایجنڈا عوام کی فلاح او رملک کی ترقی کے سوا کچھ نہیں ۔ ایک بیان میں کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے ہر دور حکومت میں سیاسی بحران پیدا کرکے ترقی کا راستہ روکنے کی سازشیں کی گئیں لیکن مسلم لیگ (ن) نے ہر بحران اور چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے مخالفین نے پاکستان کی ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرکے ملک دشمنی کا ثبوت دیاہے مخالفین کی الزامات کی سیاست عوام کی خوشحالی کے خلاف ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کوئی رخنہ حائل نہیں ہونے دیاجائے گا ۔ ترقیاتی منصوبوں کو خلو ص نیت اور تیزی سے مکمل کیاجارہاہے۔ بڑے ترقیاتی منصوبے معیار اور شفافیت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں ۔ ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے او رآئندہ بھی خدمت کے ریکارڈ قائم کریںگے اور مایوس عناصر کی پروا کئے بغیر ترقی کا سفر تیزی سے جاری رکھیں گے۔ احتجاج کرنے والے احتجاج کرتے رہ جائیں گے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستان کو آگے لے کر جائے گی ۔ محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں ہسپتالوں میں علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے بارے میں اقدامات کاجائزہ لیاگیا وزیراعلی نے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت ہے او رکسی کے زخموں پر مرہم رکھنا نیک کام ہے۔