پورٹو ریکو کے ایئر پورٹ پر مسافر کے سامان سے بم برآمد‘ کھلبلی مچ گئی
سین جوان ( آن لائن) جزیرہ ہائے پورٹو ریکو کے لوئس منوز میرن انٹرنیشنل ائرپورٹ کو اس وقت خالی کرالیا گیا جب ایک مسافر کے سامان سے بم برآمد ہوا۔ ائرپورٹ سکیورٹی حکام نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لوئس منوز میرن انٹرنیشنل ائرپورٹ کے ٹرمینل بی کے چیکنگ ایریا میں ایک مسافر کے سامان سے بم برآمد ہوا جس کے بعد فوری طور پر ائرپورٹ خالی کرالیا گیا۔ ایروسٹار کے چیف آپریٹنگ آفیسر نیلمن نیواریز کا کہنا ہے کہ ایک مسافر کے ہینڈ کیری سے بم برآمد ہونے کے بعد سنٹرل سکیورٹی پوائنٹ بند کردیا گیا اور فوری طور پر بم ڈسپوزل سکواڈ، ایف بی آئی اور پولیس کی بھاری نفری بلالی گئی جنہوں نے ایک گھنٹے تک تلاشی کے بعد ائرپورٹ کو کلیئر قرار دے دیا۔ ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ ائرپورٹ کو مسافروں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔