• news

نواز شریف سیاسی زندگی کی آخری سانسیں لے رہے ہیں دولت بچانے کیلئے بھارت سے مدد لیں گے :عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) عمران نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کو غیرمناسب میسیج بھیجنے کا الزام مسترد کرتا ہوں، عمران نے پارلیمانی کمیٹی کے ماتحت ماہرین سے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ عمران نے کہا کہ گلالئی اور ان کے والد کے موبائل فونز کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔ مسلم لیگ ن گلالئی کو پیسے دے کر میرے خلاف استعمال کر رہی ہے، نواز شریف اپنی سیاسی زندگی کے آخری سانس لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن اور میڈیا کے گارڈ فادر مل کر میرے خلاف پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔ عائشہ گلالئی کے الزام کی تحقیقات کا خیرمقدم کرتا ہوں، مفاد پرست لوگ نواز شریف کے ساتھ ہیں۔ چودھری نثار جیسے لوگ سائیڈ پر ہو گئے۔ مسلم لیگ ن کا کوئی نظریہ نہیں، نواز شریف اپنا پیسہ بچانے کیلئے زرداری سے رابطہ کریں گے، تیاری کر رہے ہیں نیب میں ان کے خلاف ریفرنسز لے کر جائیں۔ مافیا پاور میں آ کر پیسے بناتا ہے۔ عائشہ گلالئی نے پہلے بھی مجھ سے این اے ون کا ٹکٹ مانگا تھا۔ نواز شریف اپنی دولت بچانے کیلئے بھارت سے مدد لیں گے۔ مافیا ڈان چلا گیا مافیا برقرار ہے۔ یہ ہمیشہ کی طرح این اے 120 میں دھاندلی کریں گے۔ اس بار ہم پوری تیاری کریں گے۔ منی لانڈرنگ کیلئے انہوں نے حدیبیہ اور چودھری شوگر ملز بنائی۔ پانامہ کیس سے اب لوگوں کو سمجھ آ گئی ہے، ابھی کرپشن کے خلاف جنگ جیتنی ہے۔ نواز شریف ابھی بھی پارٹی معاملات کا مرکزی کردار ہے۔ آصف زرداری کرپشن کی علامت ہیں۔ سوشل میڈیا پر بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ نئے وزیراعظم کیلئے پہلا امتحان، کیا وزیراعظم عائشہ احد کے حمزہ شہباز کے خلاف الزامات کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائیں گے یا نئے وزیراعظم شریفوں کے درباری رہیں گے اور عائشہ احد کے الزامات کو نظرانداز کریں گے۔دوسری طرف عمران خان نے پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس کل پیر کو طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عائشہ گلالئی کے عمران خان پر سنگین الزامات اور شیخ رشید پر مبینہ حملے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاسوں میں شرکت کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن