عمران معافی مانگ لیں معاملہ کمیٹی میں گیا تو شرمندگی اٹھانا پڑیگی:عائشہ گلا لئی
اسلام آباد+پشاور(صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف چھوڑنے والی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ اب بھی وقت ہے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اپنے کئے پر قوم سے معافی مانگیں، معاملہ کمیٹی میں چلا گیا ہے ایسا نہ ہو عمران خان کو شرمندگی اٹھانی پڑے۔ اگر عمران خان قوم سے اور قوم کی خواتین سے معافی مانگیں گے تو انہیں معاف کر دیا جائیگا کیونکہ اﷲ تعالیٰ بھی معافی مانگنے والے کو معاف کر دیتا ہے ۔ پارلیمنٹ کی کمیٹی جو بھی ثبوت مانگے گی وہ دیئے جائیں گے۔ ایسا نہ ہو کہ کمیٹی میں مزید چیزیں کھلیں جس پر انہیں اورشرمندگی اٹھانا پڑیگی۔ شمالی وزیرستان ایجنسی کے گرینڈ قبائلی جرگے کے رکن ملک جلال خان وزیر نے عائشہ گلالئی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان کے خلاف لگائے گئے الزامات کے ثبوت پیش نہیں کئے تو قبیلے کے لوگ ان کے گھر کا محاصرہ کر لیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک قبائلی عورت کا کردار عائشہ گلالئی جیسا نہیں ہوتا۔ عائشہ گلالئی کا تعلق نہ تو وزیرستان سے ہے اور نہ ہی وہ قبائلی خاتون ہیں کیونکہ گزشتہ 4 دنوں کے دوران جو کچھ انہوں نے کیا وہ قبائلی عوام کی روایات کے خلاف ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ ہم کسی بھی قبائلی خاتون سے اس طرح کے طرز زندگی کی امید نہیں رکھتے۔ عائشہ گلالئی کے والد شمس القیوم نے انہیں صرف پیسے کیلئے استعمال کیا۔ سپیکر خیبر پی کے اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کے الزامات سے عمران خان کو نقصان نہیںپہنچایا جاسکتا، عمران خان کے ساتھ عوام کا دلی لگائو ہے۔انٹرویو میں عائشہ گلالئی نے مزید کہاکہ اگرچہ میرا رویہ بہت مناسب رہتا تھا‘ لیکن ایک مرتبہ ان مسیجز پر میں نے عمران کو سخت غصے میں جواب دیا۔ شادی کی پیشکش ریحام خان سے شادی سے قبل کی تھی لیکن اس کے بعد بھی انہوں نے ایک مسیج میں شادی کی طرف اشارہ کیا تھا۔ تحریک انصاف چھوڑنے پر جس طرح کا ردعمل آیا انہیں اس کا اندازہ نہیں تھا۔ میرے استعفے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس وقت تحریک انصاف کا پورا مافیا میرے اور میرے والد کے سانے کھڑا ہو چکا ہے۔ اس معاملے پر کوئی قانونی کارروائی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی اور پریس کانفرنس کرنے کا مقصد صرف خواتین کو یہ پیغام دینا تھا تاکہ آئندہ کسی اور خاتون کے ساتھ ایسا کچھ نہ ہو۔ انہوں نے ایک اور انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ 2014ء کے دھرنے میں عمران خان نے جلسے میں شادی کی بات صرف اس لئے کی تھی کہ وہ لڑکیوں کو متاثر کرکے دھرنے میں شامل کرنا چاہتے تھے۔