• news

ہماری تحریک نے ہوا میں اُڑنے والے حکمرانوں کو جی ٹی روڈ پر لاکھڑا کیا: سراج الحق

لاہور+ ٹوبہ ٹیک سنگھ (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے جماعت اسلامی کی کرپشن کے خلاف تحریک نے ہواﺅں میں اڑنے والے حکمرانوں کو جی ٹی روڈ پر عوام کے درمیان لاکھڑا کیا ہے اب ضرورت ہے احتساب کا یہ عمل ایک خاندان تک محدود نہ رہے بلکہ پانامہ سکینڈل میں ملوث 436 لٹیروں اور بنکوں سے قرضہ لے کر ہڑپ کرنے والوں کو بھی سپریم کورٹ احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرے اور بیرون ملک بنکوں میں لوٹ مار اور چوری کی گئی قومی دولت کو ملک میں لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں‘ لوٹے گئے قومی سرمائے کے 375 ارب ڈالر ملک میں آجائیں تو عوام کو تعلیم ، صحت اور چھت کی سہولتیں مفت دی جاسکتی ہیں اور لاکھوں بے روزگار نوجوانوںکے لئے روزگار کا انتظام ہو سکتا ہے۔ اوورسیز پاکستانی سالانہ بائیس ارب ڈالر کما کر ملک میں بھیجتے ہیں ۔ 2018 ءکے انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دیا گیا تو انتخابات نامکمل ہوں گے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے اور مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی قومی اسمبلی اور سینٹ میں آواز بلند کرے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا یہاں خاندانوں کی حکومت ہے‘ سیاسی جماعتیں ذاتی پراپرٹی بن گئی ہیں‘ حقیقی جمہوریت کے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے۔ جماعت اسلامی ان تمام لوگوں جن کے نام پانامہ سکینڈل میں ہیں، کا محاسبہ کرنے کے لئے عدالت جائے گی جنہوں نے بنکوں سے قرضے لے کر ہڑپ کئے اور جن کی وجہ سے ہمیں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی بیڑیاں پہنائی گئی ہیں۔ انہوںنے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے سفیر ہیں۔ ہم نے تین دن ان کے ساتھ مشاورت کی ہے اور طے کیا ہے کشمیر کے مسئلے کو بیرون ملک اجاگر کیا جائے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا عدالتوں کے فیصلوں کو تسلیم کیا جائے جو لوگ عدالتوں کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے ، وہ عدالتوں کو کمزور اور آمریت کی راہ ہموار کر رہے ہیں ۔ پاکستانی قوم عدالتوں کے ساتھ ہے ۔ نامہ نگار کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں استحکام پاکستان جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا 70سال میں پاکستان میں اسلامی نظام نافذ نہیں ہوسکا کیونکہ انگریز کے چلے جانے کے بعد ملک پر اسکے ایجنٹ حکمرانی کررہے ہیں ،پنجاب میں چند چوہدری ،سندھ میں چند وڈےرے، بلوچستان اور خیبر پی کے میں چند سردار اور پٹھان ہی باری باری اقتدار میں آتے اور ملکی خزانے کو لوٹ کر چلے جاتے ہیں۔ زرداری اور نوازشریف نے ملکی انڈسٹری برباد کی مزدوروں کو بے روزگار کیا ،دولت سمیٹنے والوں نے پاکستانی عوام کو ےرغمال بنا رکھا ہے اور کرپشن کا راج ہے، جب تک ملک میں شریعت نافذ نہیں ہوتی نہ مسائل حل ہوں گے اور نہ ہی ملک ترقی کر سکے گا۔ جلسہ مقررہ وقت سے دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہونے کے باعث بد انتظامی کا شکار ہوگیا اور سینکڑوں لوگ سراج الحق کی تقریر سے پہلے ہی گھروں کو لوٹ گئے۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق سراج الحق نے کہا ابھی نوازشریف نااہل ہوئے ہیں جبکہ باقی کرپٹ لوگوں کو بھی اڈیالہ جیل میں دیکھنا چاہتا ہوں۔ اس ملک کو چالیس چور لوٹ رہے ہیں اور علی بابا کو حرکت میں آنا پڑے گا۔امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے لیاقت بلوچ اور شعبہ خواتین کی رہنما عائشہ سید کی جانب سے عائشہ گلالئی کو دعوت دینے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے عائشہ گلالئی کے معاملات کو ڈسکس نہیں کرنا چاہتاکیونکہ یہ ہمارا کلچر نہیں، سیاسی ونظریاتی اختلافات کو گالم گلوچ اور ذاتی عناد کا رنگ دینے کی اجازت ہمارا مذہب بھی نہیں دیتا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے عائشہ گلالئی کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی خبروں پر وضاحت مانگے جانے کے بعد سراج الحق نے ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا عائشہ گلالئی کو جماعت اسلامی کے رہنماﺅں کی جانب سے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیئے جانے کا علم نہیں ایسی اطلاع دینے پر میڈیا کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا میں اپنے کارکنوں کو نصیحت کرتا ہوں گالی دینا جماعت اسلامی کا طریقہ نہیں، سوشل میڈیا اور ٹی وی ٹاک شوز میں جو زبان مخالفین کے بارے میں استعمال کی جاتی ہے وہ پاکستان کے مفاد میں نہیں۔ یاد رہے تین روز قبل جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا تھا جماعت اسلامی کی لیڈرشپ نے عائشہ گلا لئی سے رابطہ کیاہے اور انہیں جماعت میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ جماعت اسلامی شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل عائشہ سید نے امیر جماعت اور مجلس شوریٰ سے اجازت لئے بغیر ہی تحریک انصاف کی باغی خاتون رکن سے ملاقات کر کے انہیں جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دے ڈالی۔

ای پیپر-دی نیشن