کراچی: پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کرنےوالے 3 دہشت گرد گرفتار، مقابلے میں متحدہ لندن کارکن ہلاک
کراچی (آن لائن)کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ، میڈیا رپو رٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے تین مبینہ ملزمان ناصر، عرفان اور لیاقت کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تینوں مبینہ ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سوات گروپ سے ہے اور وہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار محمد خان کے علاوہ کورنگی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہیں۔دوسری جانب سعیدآباد میں سندھ پولیس کے کاو¿نٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سے مقابلے کے دوران ایک ملزم مارا گیا جسکی شناخت عمران کے نام سے ہوئی۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن سے تھا۔ادھر مبینہ ٹاو¿ن، نارتھ ناظم آباد اور شارع نور جہاں تھانوں کی پولیس نے ایک سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے دو مبینہ ملزمان سمیت 20 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور گٹکا برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔خیال رہے کہ 25 جولائی 2017 کو کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔اس واقعے سے تین روز قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں دارالعلوم کے قریب پولیس وین پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار اور 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگئے تھے۔