-نواز شریف کی سویلین بالادستی کا مطلب فوج اور سپریم کورٹ پر حکومت کرنا ہے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ تین بار نکالے جانیوالے نواز شریف کی سویلین بالادستی کا مطلب فوج اور سپریم کورٹ پر حکومت کرنا ہے وہ مینڈیٹ لینے کے بعد فوج اور سپریم کورٹ کو فتح کرنے میں مگن ہو جاتے ہیں۔ نالائق، کرپٹ اور نا اہل شخص جان لے سیاست کو اسکی ضرورت نہیں ہے۔ نواز شریف کی ٹریننگ ٹکراﺅ اور پھڈا ہے لیکن اس بار وہ اپنا ہی سر پھوڑیں گے۔ 14 بے گناہوں کا خون قصاص کا منتظر ہے، نواز شریف کی اصل بے چینی حدیبیہ ریفرنس ہے وہ جانتے ہیں اس کیس میں یقینی جیل اور ماڈل ٹاﺅن کیس میں پھانسی ہے۔ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ آنے پر قوم پانامہ کیس بھول جائیگی۔ حکمران خاندان اللہ کی پکڑ میں آ چکا اب کوئی نہیں بچا سکے گا۔ عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ شریف برادران نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، کرپشن کے ریکارڈ بنانے کے ساتھ ساتھ سیاسی جمہوری اخلاقیات کا جنازہ نکالا۔ انکے جو جرائم اب تک سامنے آئے ہیں وہ اصل جرائم سے کہیں کم ہےں، وہ بھی سامنے آئیں گے۔ سربراہ عوامی تحریک 7اگست رات 3 بجے اوسلو سے قطر ائیر ویز سے 8اگست صبح 8 بجے لاہور پہنچیں گے جہاں انکا فقید المثال استقبال کیا جائیگا۔ سربراہ عوامی تحریک کارکنوں کے ہمراہ ناصر باغ جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور پھر وہاں سے داتا علی ہجویریؒ کے مزار پر حاضری کےلئے جائیں گے۔ عوامی تحریک کے سربراہ نے صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف نعت گو شاعر، ادیب، سیرت نگار اور فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ شعبہ ادبیات کے سابق انچارج ریاض حسین چوہدری کے انتقال پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مرحوم متقی، پرہیز گاراور سچے عاشق رسول تھے۔خصوصی نامہ نگار کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال اور روٹ کا حتمی شیڈول جاری کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک 8اگست صبح 7 بجے لاہور ائیر پورٹ پہنچیں گے جہاں وہ میڈیا اور کارکنوں سے گفتگو کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک جوڑے پل، صدر گول چکر، دھرم پورہ کے راستے مال روڈپہنچیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری چیئرنگ کراس سے ناصر باغ مال روڈ پرآئیں گے جبکہ ناصر باغ پر سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرینگے اور اس کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری مزار داتا علی ہجویریؒ حاضری دینگے اور نوافل ادا کرینگے۔