وزیراعظم کی نااہلی پر غم و غصہ جائز ہے: گورنر سندھ
میرپور خاص(نوائے وقت نیوز) گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی نااہلی پر غم و غصہ جائز ہے۔ میرپور خاص میں لیگی کارکنوں اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کاکہنا تھا کہ ن لیگ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کیا تاہم فیصلے پر نظر ثانی کے لئے عدالت جائے۔ نوازشریف اپنا مقدمہ لڑنے کیلئے عوام کے پاس جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی تا میرپور خاص ٹرین سروس ایک ہفتے میں شروع کردی جائے گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اگلے ہفتے کراچی آئیں گے۔ گورنر نے کہا سی پیک ایک معاشی دھماکہ ہے اور ملک میں سی پیک سمیت تمام منصوبے جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں لاہور سب سے زیادہ ترقیاتی شہر ہے، سی پیک سے چھوٹے شہروں سمیت پورے پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔