انگریز کی لکیر قبول نہیں، فاٹا سے ایف سی آر کا جلد خاتمہ کیا جائے: اسفندیار
پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ ایف سی آر کسی صورت تسلیم نہیں کرتے اور نئے آنے والے وزیر اعظم آئینی اصلاحات کے ذریعے انگریز کے کالے قانون ایف سی آرکے خاتمے اور فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے کا اعلان کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز میں مرحوم خان افضل خان لالہ کی زندگی پر لکھی جانے والی کتاب کی رونمائی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور، سیکرٹری جنرل میاں افتخار، صوبائی صدر امیر حیدر خان، سینئر رہنما لطیف آفریدی، بشری گوہر سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے، اسفندیارولی خان نے مرحوم کی سیاسی و سماجی زندگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مرحوم افضل خان لالہ ایک مدبر سیاستدان اور امن کے اصل داعی تھے ،انہوں نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ افضل خان لالہ وہ نڈر انسان ہیں جنہوں نے سوات میں امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا اور امن کیلئے ان کی خدمات تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ امن کے دشمنوں نے مرحوم پر کئی بار حملے کئے تاہم اللہ تعالیٰ کے فضل سے محفوظ رہے اس کے باوجود وہ ثابت قدم رہے اور سوات میں امن کے قیام کیلئے جان ہتھیلی پر رکھ کر کوششیں جاری رکھیں، انہوں نے کہا کہ بزرگ رہنماءاور عظیم پشتون قوم پرست رہنما افضل خان لالہ کی وفات صرف عوامی نیشنل پارٹی کا نہیں بلکہ پشتون قوم پرستوں کا نقصان ہے افضل خان لالہ پوری زندگی جمہوریت کی بالادستی کے لیے جدوجہد کرتے رہے، اسفندیار ولی خان نے اپنے خطاب میںملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ کا شور ختم ہو چکا ہے۔