• news

اداروں کی بحالی کیلئے کوشش کرنیوالے ان پر دبائو نہیں ڈالتے:مریم اورنگزیب

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کے دلوں کے وزیراعظم محمد نواز شریف جی ٹی روڈ کے ذریعے واپس اپنے گھر جا رہے ہیں، اس جی ٹی روڈ پر جس پر اعلیٰ عدلیہ کی بحالی کیلئے لانگ مارچ کیا، جو اداروں کو فعال بنانے اور بحالی کیلئے کوششیں کرتے ہیں وہ اداروں پر دبائو نہیں ڈالتے، عمران نے پارلیمنٹ، پی ٹی وی پر حملہ کیا اور وزیراعظم ہائوس پر دھاوا بولامگر محمد نوازشریف نے آئین اور قانون کی پاسداری کی، اداروں کا احترام کیا اور اپنی تین نسلوں کا حساب دیا، محمد نوازشریف نے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے پر فوری عمل کیا، محمد نواز شریف نے اپنے کارکنوں کو کسی قسم کی کال نہیں دی، یہ ان کا جذبہ ہے کہ وہ اپنے قائد کا استقبال کرتے ہیں، عمران خان کے بیانات اپنی حیثیت کھو بیٹھے ہیں‘ عائشہ گلالئی کے مسئلے کو ایک مستند فورم کے ذریعے حل ہونا چاہئے، کمیٹیوں کو وہ مسترد کرتے ہیں جن کے دل میں چور اور خوف ہوتا ہے‘ عمران خان ہر چیز پر اپنی سیاست کرنا چاہتے ہیں اور ان کے مقاصد اداروں کی تضحیک کرنا رہے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اداروں پر دباؤ ڈالنا ہوتا تو نواز شریف اپنی تین نسلوں کو احتساب کیلئے پیش نہ کرتے، سپریم کورٹ کو پانامہ پیپرز پر تحقیقات کیلئے خط نہیں لکھتے اور تحقیقات کیلئے نہیں کہتے۔ جے آئی ٹی پر تحفظات کو آئینی اور قانونی طریقے سے سپریم کورٹ میں پیش کیا۔ ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ محمد نواز شریف اپنے گھر واپس جا رہے ہیں‘ کارکنوں اور ارکان اسمبلی کی خواہش پر نواز شریف موٹر وے کے بجائے جی ٹی روڈ کے ذریعے اپنے عوام سے ملتے ہوئے لاہور جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف چاہتے تو استثنیٰ لے سکتے تھے اور تمام قانونی راستے اختیار کر سکتے تھے لیکن نواز شریف تیسرے مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے اور اس کا طرز سیاست عمران خان کی طرح نہیں ہے۔ نوازشریف کیخلاف کرپشن کی کوئی بھی چیز ثابت نہیں ہوئی۔ پچھلے ہفتہ ڈیڑھ ہفتے سے ایک عورت پر سیاست ہو رہی ہے‘ جو ناقابل قبول اور معاشرے کی اخلاقی پستی کی نشاندہی کرتا ہے، اگر کوئی الزام لگا رہا ہے تو اس کی تحقیقات کسی مستند فورم سے ہونی چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن