• news

نوازشریف‘ بچوں‘ اسحاق ڈار‘ کیپٹن صفدر کا ای سی ایل میں نام‘ اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست خارج کر دی

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں، داماد اور سمدھی کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکن نواز شریف، انکے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز، صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر اور سمدھی اسحاق ڈار کو گرفتار کرنے اور انکے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے درخواست کی سماعت جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ جسٹس عامر نے ابتدائی سماعت میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شہری یا شخصیت کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فورم عدالت نہیں ہے بلکہ یہ وزارت داخلہ کا کام ہے کہ وہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں کس کا نام ڈالتی ہے یا نکالتی ہے عدالت نے ان ریمارکس کے ساتھ درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دی ہے ایڈووکیٹ رئیس عبدالواحد کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاناما فیصلے میں سپریم کورٹ نے نوازشریف سمیت دیگر کے خلاف نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے رکھا ہے تاحال چیئرمین نیب نے نوازشریف اور انکے اہل خانہ کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا ہے، ساتھ ہی اس خدشے کا اظہار کیا گیا تھا کہ نوازشریف اور انکے اہل خانہ بیرون ملک فرار ہوسکتے ہیں۔ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا تھا تاہم بعد میں درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے اسے خارج کر دیا۔
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+نیشن رپورٹ) نیب نے شریف خاندان کے خلاف چار ریفرنسز میں جے آئی ٹی کے چھ ارکان کو مرکزی گواہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ‘ ریفرنسز میں چھ افسران کا بیان قلمبند کیا جائے گا‘ نیب قوانین کے مطابق تفتیشی افسران کو مرکزی گواہ بنایا جاتا ہے‘ تمام گواہان جے آئی ٹی میں شامل دستاویزات کی تصدیق بھی کرینگے۔ پیر کو نجی ٹی وی کے مطابق پانامہ کیس کے سلسلے میں عدالتی حکم کی روشنی میںنیب نے چار ریفرنسز کی تیاری شروع کردی ہے۔ ریفرنسز میںجے آئی ٹی کے چھ ارکان کو مرکزی گواہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکزی گواہان میں واجد ضیائ‘ عرفان نعیم منگی‘ عامر عزیز‘ بلال رسول‘ نعمان سعید اور کامران خورشید شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریفرنسز میں تحقیقات کرنے والے ان چھ افسران کا بیان بھی قلمبند کیا جائے گا۔ اس سے قبل سپریم کورٹ نے نواز شریف کو نااہل کرنے کے بعد شریف خاندا کے ریفرنسز نیب کو فائل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کی طرف سے کہا گیا تھا کہ چھ ہفتے میں ریفرنسز نیب فائل کرے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیب نے سپریم کورٹ کے حکم پر سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بچوں حسین ،حسن ،مریم نواز ، اسحاق ڈار اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف چار ریفرنسز دائر کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ذرائع نے دی نیشن کو بتایا کہ نیب نے شریف فیملی کے خلاف کیس کی تیاری کیلئے جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 10 کی کاپی مانگنے کیلئے درخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن