طاہر القادری آج لاہور پہنچیں گے، ناصر باغ میں جلسہ سے خطاب کرینگے
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک نے کہا ہے کہ آج (منگل) پاکستان ی عوام ڈاکٹر طاہر القادری کا فقید المثال استقبال کرکے نااہل ٹولہ کو سپریم کورٹ کے بعد عوامی عدالت بھی خلاف فیصلہ سنائے گی، عوامی تحریک کے ترجمان نے نوائے وقت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے ہاتھوں نااہل ہونے والا ایک شخص عوامی بائیکاٹ کے خوف سے اسلام آباد میں بیٹھ گیا، وہ جب جی ٹی روڈ پر آئے گا تو سوائے پٹواریوں، کلرکوں اور مالیوں کے کوئی استقبال کے لئے نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری جب لاہور پہنچیں گے اہل لاہور نااہل ٹولہ سے اپنی نفرت کا بھرپور اظہار کریں گے۔ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ شہباز شریف آپ نے 14 بے گناہوں کے قتل کا حساب دینا ہے،اس کی تیاری کرو، پاکستان آمد کا واحد مقصد انصاف بشکل قصاص ہے۔3سال قانونی جنگ میں گزر گئے قدم قدم پر شہباز حکومت نے انصاف کا راستہ روکا ۔بڑا بھائی اللہ کی گرفت میں آ گیا چھوٹے کو پکڑ کر قانون کے حوالے کریں گے ۔جسٹس باقر نجفی رپورٹ پبلک کی جائے اس میں قاتلوں کے نام پتے درج ہیں ۔گزشتہ روز اوسلو ائیر پورٹ پر مقامی تنظیم کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا کبھی بھی جمہوریت سے کچھ لینا دینا نہیں رہا۔ انکی جمہوریت یہ ہے کہ ان کے ماورائے قانون اقدامات پر ادارے آنکھیں بند رکھیں ۔انہوں نے ساری عمر آئین ،قانون، عدالتی فیصلوں کا مذاق اڑایا اب رنگے ہاتھوں پکڑے جانے اور کرپشن کے ریفرنسز پر غیر جانبدار تحقیقات کے خوف میںمبتلا ہیں جانتے ہیں کہ اب کوئی گنجائش نہیں ہے اس لئے پھڈا چاہتے ہیں۔ عدلیہ بحالی کا کریڈٹ لینے والے اس کے منصفانہ فیصلوں کو مانیں،یہ تو ڈوگر کورٹ کا فیصلہ نہیں ہے؟ انہوں نے کہا کہ ’’گو نواز گو‘‘ ہو گیا اب ’’گو شہباز گو‘‘ ہو گی اس کیلئے ہمارے کارکن پوری طرح تیار ہیں۔سربراہ عوامی تحریک آج اوسلو سے براستہ دوہا قطر ائیر ویز پر صبح 8 بجے لاہور ائیر پورٹ پہنچیں گے جہاں وہ ریلی کی شکل میں ناصر باغ جائیں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ ناصر باغ جلسہ میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔