• news

جماعت الدعوۃ کا ملی مسلم لیگ کے نام سے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

لندن (بی بی سی) پاکستان میں مذہبی جماعت الدعوۃ نے 'ملی مسلم لیگ' کے نام سے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ ملی مسلم لیگ سنہ 2018ء کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ پیر کو اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کو حقیقی اسلامی اور فلاحی ملک بنانے کے لیے ملی مسلم لیگ بنائی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ الیکشن کمشن میں نئی سیاسی جماعت کے اندراج کے لئے درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔ ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا کہ جماعت الدعوۃ 30 سال سے تعلیم خدمت اور دعوت کا کام کررہی ہے وہ اپنا کام اسی طرح جاری رکھے گی اور اب ملی مسلم لیگ اب قومی سطح سے لے کر یونین کونسل تک اپنا نظام بنائے گی۔ انھوں نے واضح کیا کہ جماعت الدعوۃ اور سیاسی تنظیم کا ملی مسلم لیگ کا تنظیمی ڈھانچہ الگ الگ ہے لیکن سیف اللہ خالد نے جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو محسن قرار دیتے ہوئے کہ کہا کہ نظریہ پاکستان کی بنیاد جماعت الدعوۃ سمیت ہر جماعت سے مدد لیں گے۔ سیاسی تنظیم میں حافظ سعید کیکردار کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’حافظ سعید کو بغیر کسی جرم کے نظر بند کیا گیا ہے اور حافظ سعید کی نظربندی ختم ہو تو ان سے پوچھیں گے کہ وہ کیا کردار ادا کرنا چاہیں گے؟‘ سیاسی جماعت کے صدر نے کہا کہ ملی مسلم لیگ آئندہ ہونے والے عام انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی اور ہم خیال جماعتوں کے ساتھ اتحاد بھی کرے گی۔ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ جماعت الدعوہ نظریاتی طور پر جمہوری عمل پر یقین رکھنے کے بجائے اسلامی امارات اور خلافت پر یقین رکھتی ہے لیکن سیاست جماعت کے اعلان سے بظاہر وہ اب سیاسی نظام کے میں شامل ہونے کا عندیہ دے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن