آئینی بالادستی کے لئے قومی طاقت کے دیگر عناصر سے مل کر دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رکھی جائیں: آرمی چیف
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی ہے کہ قومی طاقت کے دیگر عناصر کے ساتھ اشتراک کے ذریعہ دہشت گردی اور شدت پسندی کے انسداد کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں تاکہ ملک میں قانون کی پاسداری اور آئین کی بالادستی قائم ہو سکے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے 23 ویں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران خطے اور بالخصوص افغانستان کی سکیورٹی صورتحال بھی زیر غور آئی اور علاقائی امن اور سکیورٹی کے حوالے سے عزم کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء کانفرنس کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے مثبت نتائج مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے راجگال جیسے نامہربان اور دشوار گزار علاقہ میں آپریشن خیبر فور کی کامیابی کی تعریف کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی سلامتی کے حوالے سے کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے مشترکہ کوششوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ علاقائی سلامتی کے ضمن میں شرکاء نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تفصیل سے غور کیا اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کیلئے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ ہم افغانستان کے ساتھ اعتماد کی بنیاد پر تعاون کے منتظر ہیں جس کے نتیجہ میں پائیدار علاقائی امن قائم ہو سکتا ہے۔