• news

سکاٹ لینڈ کو نیوٹرل وینیو بنانے کا معاہدہ تاریخی ہے : شہباز سینئر

لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شہباز احمد سینئر کا کہنا ہے سکاٹ لینڈ کو نیوٹرل وینیو بنانے کا معاہدہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ ہمارے اس فیصلے سے قومی کھیل کو درپیش مشکلات کم ہونگی ہمیں دنیائے ہاکی سے بڑی اور بہترین ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ وہ نوائے وقت کیساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی غیر ملکی دورے پر کم سے کم تین چار کروڑ کا خرچہ آتا ہے اور اسکا کوئی مالی فائدہ کبھی اور کسی صورت نہیں ہو سکتا لیکن سکاٹ لینڈ میں ہوم سیریز کھیلنے سے ہمارا خرچہ تو ہو گا لیکن تھوڑے عرصے میں ہم اس سے مالی فائدہ حاصل کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ اس معاہدے سے ہاکی پلئیرز کو فائدہ ہونے کے امکانات ہیں تو پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بھی مالی طور پر فائدہ ہو گا۔ گذشتہ کئی برسوں سے ہم اپنے میدانوں پر ہاکی سیریز کی میزبانی سے محروم ہیں اس وجہ سے پاکستان کے پلئیرز کو بہترین ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ہمارے پیچھے رہ جانے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ جلد اچھی ٹیموں سے سیریز کا بندوبست کر سکیں۔ سکاٹ لینڈ کے نیوٹرل وینیو بننے وہ ٹیمیں جو پاکستان آ کر نہیں کھیلتیں انہیں وہاں کھیلنے پر کوئی مسئلہ نہیں ہو گا اور پاکستان دوبارہ بین الاقوامی ہاکی سے جڑ جائیگا۔ سکاٹ لینڈ میں ہوم سیریز کھیلنے سے ہمیں مالی فائدہ بھی ہو گا پہلے سال ہم مالی طور پر منافع نہیں کما سکیں گے تاہم دوسرے سال ہم منافع کمانے کے قابل ہو جائیں گے۔ ہم اپنی سیریز کی اچھی مارکیٹنگ سے پیسے حاصل کر سکتے ہیں۔ٹکٹوں کی فروخت بھی پیسے کمانے کا ذریعہ بنے گی۔ ہم اپنے معاملات کو چلانے کے لیے اپنا سٹاف بھی رکھیں گے۔۔ ہم نے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے قومی کھیل کے فروغ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ کھلاڑیوں کی ملازمتوں کے حوالے سے بھی کام کیا ہے جونیئر پلئیرز کو بہترین ٹریننگ اور گرومنگ کے لیے بیرون ممالک کھیل کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ قومی سطح کی ہاکی کو بھی منظم کرنے اور اسکا معیار بلند کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن