حافظ سعید کو بھارت، امریکہ کی خوشنودی کیلئے نظربند کیا گیا : سمیع الحق
فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہاکہ مودی سرکار اور امریکہ کو خوش کرنے کے لئے ایک مجاہد (حافظ محمد سعید) کو جوشہ رگ کشمیرکی آزادی کی بات کرتا ہے اسے نظربند کر دیاگیاہے۔ حکومت جاتے جاتے آئین میں ترمیم کر کے باسٹھ اور تریسٹھ کو ختم کرنا چاہتی ہے محب وطن پاکستانی قوم ایسا نہیں کرنے دے گی۔نظریہ پاکستان کی حفاظت ، ملکی سلامتی کیلئے کردار ادا کرنے، کشمیریوں کا پشتیبان بننے اور بین الاقوامی سازشوں کیخلاف ہم سب اکٹھے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ان کے ہمراہ، لیاقت بلوچ، مولانا امیر حمزہ، مولانا فضل الرحمن خلیل، قاری یعقوب شیخ،علامہ ابتسام الہٰی ظہیراور دیگررہنما موجود تھے۔مولانا سمیع الحق نے کہا کہ آزادکشمیر کے وزیراعظم نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ ہم کریں گے کہ کس طر ف جانا ہے‘ یہ آئین سے غداری کی ہے۔ان کے بیان پر دفاع پاکستان کونسل احتجاج کرتی ہے۔دفاع پاکستان کونسل کا بنیادی مقصد نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہے ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کو معزول کیا جائے۔دفا ع پاکستان کونسل مظفر آباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے بیان کے حوالہ سے احتجاجی کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنے کے لئے بڑے شہروںمیں جلسے کریں گے،۔انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے مقاصد سے انحراف ،ملک کر لبرل بنانے کی کوششوں اور جدوجہد آزادی کشمیر سے غداری کی وجہ سے اللہ نے حکمران اللہ کی پکڑ کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی عدالتیں واضح طور پر قرار دے چکی ہیں کہ حافظ محمد سعید پر دہشت گردی کا کوئی الزام ثابت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کے بعد نظربندی میں توسیع ڈھٹائی کی بات ہے۔
سمیع الحق