حافظ آباد، گکھڑ منڈی، چنیوٹ، عیسیٰ خیل: بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری
حافظ آباد، گکھڑ منڈی، مریدکے ،چنیوٹ، عیسیٰ خیل (نامہ نگاران) مختلف شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گرمی کے موسم میں عوام خوار ہو گئے، لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ مساجد میں وضو کرنے کیلئے پانی نہ ملنے سے نمازیوں کوشدید دشواری کا سامنا ہے۔ حافظ آباد، گکھڑ منڈی، مریدکے، چنیوٹ، عیسیٰ خیل میں گرمی کی شدت میں بجلی بند ہونے سے لوگ راتیں جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔ گرمی میں اضافے کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس سے کاروبارِ زندگی بری طرح متاثرہو رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے۔ ادھر مریدکے میں گرمی اور حبس سے بے ہوش ہو کر متعدد افراد ہسپتال پہنچ گئے۔ معمولی بارش سے متعدد فیڈر ٹرپ ہو جانے سے شہریوں کی مشکل میں مزید اضافہ ہوگیا۔ انہوں نے لیسکو حکام کے خلاف احتجاج کرتے مطالبہ کیا لیسکو حکام کی غفلت کا نوٹس لیا جائے۔
لوڈشیڈنگ