شیخ رشید کے زیرقبضہ لال حویلی سے ملحقہ اراضی جلد واگزار کرائیں گے: صدیق الفاروق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ شیخ رشید کے زیر قبضہ لال حویلی سے ملحقہ سرکاری جگہ کو جلد بازیاب کرا لیا جائے گا، شیخ رشید دوسروں کے خلاف زہر اگلنے کی بجائے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ وہ گزشتہ روز کیمپ آفس زمان پارک میں بورڈ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔، اس موقع پر ممبر بورڈ ڈاکٹر درشن پنچھی ،الیگزینڈر جان ملک ،عزت جہاں ،سیکرٹری بورڈ میاں عبدالقدیر ،لیگل ایڈوازر ناصر احمد اعوان سمیت دیگر ممبران انکے ہمراہ تھے۔ بورڈ ممبران ڈاکٹر درشن پنچھی ،الیگزینڈر جان ملک ،رمیش سنگھ اروڑا اور اسفند یار بھنڈا را نے میاں نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے دوران اقلیتوں کے لیے بہترین خدمات ،اظہار یکجہتی اور عزت و احترام پر قرارداد پیش کی۔ چیئرمین نے بتایا کہ ہم نے بورڈ ممبران کی خدمات کی بدولت بورڈ کو 14کروڑ روپے خسارے سے نکال کر 70کروڑ روپے منافع میں لائے ہیں۔