• news

تمام اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ‘ سویپ اور کومبنگ آپریشنز کئے جائیں: عارف نواز

لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے کہاہے کہ دہشتگردوں اور سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے اور صوبے میں امن و امان کیلئے تمام اضلاع میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ‘ سویپ اور کومبنگ آپریشز کئے جائیں۔ خاص کر A کیٹگری کے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کمانڈوز پر مشتمل قابل پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو ان مجرموں کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل کرنے کے بعد پوری تیاری سے ان کے ٹھکانوں پر ریڈز کریں تاکہ مزاحمت کی صورت میں پولیس ٹیم کو کسی بڑے نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک آر پی اوز اور ڈی پی اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محسن حسن بٹ‘ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب عامر ذوالفقار خان‘ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمد طاہر‘ ڈی آئی جی سیف سٹی پراجیکٹ علی عامر ملک‘ ڈی آئی جی ٹریفک فاروق مظہر‘ آر پی او شیخوپورہ صاحبزادہ شہزاد‘ ڈی آئی جی VVIP سکیورٹی محمد ادریس اور اے آئی جی آپریشنز پنجاب وقار عباسی کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کارروائیوں کو خصوصی مہم کی شکل دیتے ہوئے آپریشنز کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن