اسلام آباد:بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی، فائرنگ سے خاتون کی شہادت پر پاکستان کا احتجاج
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پر احتجاج کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور کنٹرول لائن پر جاری اشتعال انگیزی پر احتجاج کیا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا جس میں کہا گیا بھارت مسلسل کنٹرول لائن پر فائرنگ کر کے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون کی شہادت کا واقعہ نا قابل قبول ہے بھارتی فورسز سیز فائر معاہدے کا احترام اور فائرنگ کے واقعات کی تحقیقات کریں جبکہ بھارت اپنی فورسز کو اشتعال انگیزی سے روکے ۔ واضع رہے کہ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی خاتون شہید اور دوسری زخمی ہو گئی۔