قومی اسمبلی: کالا باغ ڈیم مسترد کرنا ملک دشمنی‘ اتفاق رائے سے بنائیں گے: وزیر آبی وسائل ‘ پیپلزپارٹی ‘ اے این پی کی مخالفت
اسلام آباد (خبرنگار+ صباح نیوز) وزیر آبی وسائل جاوید علی شاہ نے کالا باغ ڈیم کی مخالفت اور اسے مسترد کرنے کو ملک دشمنی کے مترادف قرار دے دیا انہوں نے واضح کیا پیپلز پارٹی کبھی قومی جماعت اور کسی جگہ خدمت پرست جماعت بن جاتی ہے اس طرح چاروں صوبوں کی زنجیر نہیں کہلوائی جا سکتی۔ کالاباغ ڈیم کو سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ ایوان میں عوامی نیشنل پارٹی، پیپلز پارٹی نے کالا باغ ڈیم کی مخالفت جبکہ تحریک انصاف کے رکن نے حمایت کردی۔ پیپلز پارٹی کے رکن ایاز سومرو نے کہا پاکستان کو متحد دیکھنا چاہتے ہیں، کالا باغ ڈیم کا مسئلہ چھیڑو گے تو معاملہ خراب ہو جائے گا کالا باغ ڈیم سندھ کی نعشوں پر بنے گا باغیرت لوگ ہیں مردہ ایشو کو نہ چھیڑا جائے۔ اے این پی کے غلام بلور نے کہا گڑے مردے نہ اکھاڑیں۔ قومی اسمبلی میں قبائلی رہنما شاہ جی گل آفریدی نے فاٹا اصلاحات کے نفاذ میں تاخیر پر پارلیمینٹ ہائوس ایوان صدر اور وزیراعظم ہائوس پر دھاوا بولنے کی دھمکی دے دی۔ آئی این پی کے مطابق پیپلز پارٹی کی ہنگامہ آرائی پر وزیر آبی وسائل نے کہا جواب سننے کی سکت رکھیں ہم کالا باغ ڈیم کو سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے اتفاق رائے کے بعد یہ ڈیم بنے گا نفرت کی بنیاد پر کسی ڈیم کو مسترد کرنا ملک دشمنی ہے۔ صباح نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے انجینئر حامد الحق نے مسلم لیگ ن کی خواتین کو بھی دھمکیاں دیں ایوان میں بدمزگی اس وقت پیدا ہوئی جب تحریک انصاف کے رکن غلام سرور خان نے نکتہ اعتراض پر سبکدوش وزیراعظم نواز شریف کے خلاف تقریر شروع کر دی۔ نامناسب ریمارکس پر مسلم لیگ ن کے ارکان نے شدید احتجاج کیا جس پر تحریک انصاف کے ارکان بھی اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے ایک دوسرے کو دھمکیاں دیتے رہے مسلم لیگ ن کے شدید احتجاج کے دوران تحریک انصاف کے حامد الحق نے سارا ٹبر چور ہے کا نعرہ بھی لگا دیا۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر کو فلور ملنے پر ارکان خاموشی سے اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان سندھ حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجانے کی دھمکی دیتے ہوئے احتجاجاً واک آئوٹ کر گئی۔ نکتہ اعتراض پر ایم کیو ایم پاکستان کے رکن محبوب عالم نے سندھ حکومت کے خلاف دھواں دھار تقریر کی اور کہا کارکنوں کو غائب، خواتین کی توہین کی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے رکن نجف عباس سیال نے عائشہ گلا لئی کو دختر اسلام اور رضیہ سلطانہ کا خطاب دے دیا انہوں نے ایوان میں خاتون رکن کے لیے انصاف کی دہائی دی اور کہا جب تک عائشہ گلا لئی کو انصاف نہیں ملتا وہ کالی پٹی باندھ کر اجلاس میں شریک ہوں گے۔ تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں کورم کی نشاندہی پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ تحریک انصاف کے رکن حامد الحق نے کورم کی نشاندہی کر دی ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے گنتی کرائی تو کورم پورا نکلا تحریک انصاف کو خفت اٹھانا پڑی۔ خبر نگار کے مطابق قومی اسمبلی میں کالا باغ ڈیم کی بازگشت منگل کو ایک بار پھر سنائی دی جب حکومتی ارکان کی جانب سے کالا باغ ڈیم بنانے کی بات کی گئی تو پیپلز پارٹی نے اس کی بھرپور مخالفت کی‘ تحریک انصاف کے رکن غلام سرور خان نے کالاباغ ڈیم بنانے کی حمایت کردی جبکہ وزیر پانی جاوید شاہ نے کہا چاروں صوبوں کی زنجیر ہونے کی دعویدار جماعت کو اس حوالے سے مثبت سوچ اختیار کرنی چاہیے۔ قومی اسمبلی میں رانا حیات خان نے کہا کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے کیا جاسکتا ہے۔ یہ ڈیم پاکستان کی زندگی ہے اس پر اتفاق رائے کرکے ہر صورت یہ ڈیم بنایا جائے۔ غلام سرور خان نے کہا کالا باغ ڈیم بننا چاہیے‘ حکومت اتفاق رائے قائم کرکے عملی طور پر قدم اٹھائے۔ صرف باتوں کی حد تک اس منصوبے کا ذکر نہیں آنا چاہیے۔ پروین مسعود بھٹی نے کہا کالا باغ ڈیم اتفاق رائے سے بننا چاہیے۔ ایاز سومرو نے کہا ایسی باتیں چھیڑنے سے گریز کیا جائے جن سے جمہوریت کو نقصان ہو۔ کالا باغ ڈیم کے مردہ ایشو کو پھر اٹھایا جارہا ہے۔ ہم جمہوریت چاہتے ہیں۔ کچھ جماعتیں اس کے خلاف سازش کر رہی ہیں۔ ہم یہ جمہوریت بچائیں گے۔ نواز شریف کے خلاف جو سازشیں ہوئیں ان کیمرہ سیشن بلا کر ان سے پارلیمنٹ کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے میں ذوالفقار علی بھٹو کا بھی کردار ہے۔ لاڑکانہ میں اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اس ملک میں موٹروے بنائی تو ان کی حکومت 58 ٹو بی لگا کر ختم کردی گئی‘ انہوں نے ایٹمی دھماکہ کیا تو آمر نے انہیں اقتدار سے نکال کر جلاوطن کردیا اور اب سی پیک بنانے کی سزا انہیں دی گئی ہے، غلام سرور خان کے خلاف آج بھی بجلی چوری اور ٹیکسلا کے پہاڑ چاٹ جانے کے مقدمات درج ہیں۔ نواب یوسف تالپور نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ واپڈا کی جانب سے ارسا کے فیصلے کو نظرانداز کرنے کے معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں۔ کالا باغ ڈیم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ شگفتہ جمانی نے کہا وزیر پانی نے کالا باغ ڈیم کے حوالے سے بات کرکے ہماری دلآزاری کی ہے۔ ایک مردہ منصوبے کو زندہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تین صوبائی اسمبلیوں کی قراردادوں میں اس کی مخالفت کی گئی ہے۔ مخنث افراد (حقوق کا تحفظ) بل 2017ئ، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی بل 2017ء قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔ قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی رپورٹیں، عمومی شماریات (تنظیم نو) ترمیمی بل 2016ء پر کمیٹی کی رپورٹ، اسلام آباد عدالت عالیہ (ترمیمی) بل 2016ء پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور نے کہا جن پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک ہوئے ہیں اس کا ازالہ کیا جائے۔ شیخ صلاح الدین نے کہا کراچی میں شناختی کارڈز کے میگاسنٹرز بند نہ کئے جائیں۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے ملک کو درپیش خطرات کے حوالے سے پارلیمنٹ کو ان کیمرہ بریفنگ دی جائے۔ نکتہ اعتراض پر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے لاہور بم دھماکے کی مذمت کی۔ قومی وطن پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا 62,63 میں ابہام کی وجہ سے اس میں سزا کا تصور نہیں‘ ضیاالحق کے دور میں یہ قانون بنایا گیا تھا‘ پاکستان تحریک انصاف کے بیانات روزانہ کی بنیاد پر بدلتے رہے ہیں‘ مسلم لیگ (ن) سیاسی جماعت ہے‘ قیادت گھر نہیں بیٹھ سکتی۔ قومی اسمبلی میں دستور (ترمیمی) بل 2017ء مزید مشاورت کے لئے مؤخر کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا اعلیٰ عدالتوں کے بنچ بنانے کا کام آئین میں درج ہے‘ اس میں کوئی قدغن نہیں ہے جبکہ اس حوالے سے ایم کیو ایم کا بل مؤخر کردیا گیا۔ ایم کیو ایم کے دستور میں ترمیم کے حوالے سے بل کو محرکین کی رائے سے موخر کردیا گیا۔ دستور (ترمیمی) بل 2017ء قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا جسے مزید غور کے لئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ جماعت اسلامی نے اشاعت قوانین پاکستان بل 2017ء وزیر قانون کی استدعا پر واپس لے لیا۔ قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم ایل این جی کے معاملے پر پارلیمانی لیڈروں کو بریفنگ دینا چاہتے ہیں اس لئے ایل این جی سے متعلقہ توجہ دلائو نوٹس واپس لے لیا گیا۔ وزیراعظم کے پاس پٹرولیم کا قلمدان بھی موجود ہے وہ ایل این جی کے معاملے پر پارلیمانی لیڈروں کو بریفنگ دینا چاہتے ہیں اس حوالے سے توجہ مبذول نوٹس تو پیش نہیں ہو سکا نیا نوٹس جاری کیا جائے۔ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ایم کیو ایم کے رکن محبوب عالم نے واک آئوٹ کردیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) بدھ کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔