عدم استحکام دشمن کی خواہش ‘ یہ وقت نفاق نہیں اتفاق کا ہے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان انتہائی اہم دور سے گزر رہا ہے اور موجودہ حالات میںاتحاد اور اتفاق کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے اور یہ وقت نفاق کا نہیں بلکہ اتفاق کا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دشمن پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے کیونکہ پاکستان نے گزشتہ 4 برس کے دوران کئی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے اور سی پیک کے باعث پاکستان نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہا ہے اور یہ ترقی دشمن کو کھٹک رہی ہے۔ پاکستانی قوم متحد ہے اور اتحاد کی قوت سے دشمن کے ایسے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ موجودہ حالات میں ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر صرف اور صرف پاکستان کیلئے کام کرنا ہے کیونکہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم سب کو مل کر پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے۔ نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے ملک کو دھرنوں اورلاک ڈائونوں کے سوا کچھ نہیں دیا اور قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے اور ان عناصر نے ناشائستگی اور الزامات کی سیاست کو پروان چڑھایا۔ دھرنا گروپ نے ملک کی ترقی کی دوڑ میں شامل ہونے کی بجائے ترقی کے عمل میں رکاوٹیں کھڑی کیں اور تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کی سیاست صرف اور صرف الزامات لگانے تک محدود ہے۔ یہ سیاسی عناصر عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی کے جذبے سے یکسر دور ہیں اور عوام منافقت اور جھوٹ کی سیاست کرنے والے چہروں کو پہچان چکے ہیں۔ ان عناصر نے گزشتہ انتخابات میں بھی خاک چاٹی اور آئندہ عام انتخابات میں بھی شکست ان کا مقدر ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئوٹ فال روڈ پر دھماکے کے واقعہ کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں اور وضع کردہ سکیورٹی پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب کے داخلی اور خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے اور پنجاب اور لاہور میں آنے والی گاڑیوں کی موثر چیکنگ ہونی چاہئے۔ موجودہ حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں‘ دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی اقدامات کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔ آئوٹ فال روڈ پر دھماکے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام سے استفسار کیا کہ سگیاں کے پاس ٹرک اڈہ واضح ہدایات کے باوجود دوسری جگہ کیوں منتقل نہیں کیا گیا؟ ٹرک اڈا جلد سے جلد دوسری جگہ منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ متعلقہ محکموں اور اداروں کو ازخود ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔