ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کا آٹھواں روز، مریض رُل گئے، نئی بھرتیوں کا سلسلہ جاری
لاہور/ فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال آٹھویں روز بھی جاری رہی۔ حکومجت نئے ڈاکٹرز بھرتی کر رہی ہے۔ مزید 5 ڈاکٹرز برطرف کر دیئے جس سے برطرف ڈاکٹرز کی تعداد 79 ہو گئی ہے۔ نئے ڈاکٹرز نے جناح اور چلڈرن ہسپتال میں چارج سنبھال لیا۔ ہڑتالی ڈاکٹرز نے دھمکی دی ہے کہ حکومت نے مطالبات نہ مانے تو ایمرجنسی سروسز بھی بند کر دیں گے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق الائیڈ و سول ہسپتال میں ہزاروں مریض ذلیل و خوار ہوتے رہے۔ علاوہ ازیں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کی پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی ڈاکٹرز کے داخلوں کے لیے آن لائن سینٹرل انڈکشن پالیسی کے تحت جولائی میں ہونے والے تیسرے رائونڈ میں کامیاب ہونے والے 878 پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز میں سے 855 نے صوبے کے 33 مختلف ٹیچنگ ہسپتالوں میں جوائننگ دے دی۔ محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں 855 پی جی ڈاکٹرز کی تعیناتی سے ہسپتالوں کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور علاج معالجہ کی سہولیات میں بھی اضافہ ہو گا۔