نواز شریف کا کوئی متبادل نہیں، ملک سنگین مسائل میں گھرا ہوا ہے: اعجاز الحق
اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ضیائ) کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمد اعجاز الحق نے کہا کہ شہید صدر جنرل محمد ضیاء الحق کی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ملک بھر سے قافلے فیصل مسجد پہنچیں گے مرکزی تقریب کے لیے انتظامات مکمل کیے جارہے ہیں برسی کی تقریب کے لیے مسلم لیگ (ض) اور ضیاء شہید فونڈیشن کے کارکن ہمہ وقت کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے کہی۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں جمہوری عمل اس وقت مضبوط ہوگا جب سیاسی جماعتیں اپنے اندر جمہوریت لائیں گی کسی بھی سیاسی جماعت کی قیادت نے اپنی متبادل قیادت تیار نہیں کی ملک اس وقت بہت سنگین مسائل میں گھرا ہوا ہے سیاسی جماعتوں‘ پارلیمنٹ اور فوج سب کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر ملک کو مسائل سے باہر نکالنا چاہیے۔ سیاسی جماعتیں شخصیات کے گرد گھومتی ہیں مسلم لیگ(ن) میں نواز شریف کا کوئی متبادل نہیں ہے سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہ ہونا ہی ہمارے جمہوری نطام کی کمزوری ہے۔ ملک میں جمہووریت چلنی چاہیے ہمارے ملک کی حیثیت بہت ہی حساس جیو پولٹیکل ہے اس وقت ہندوستان کی طرف سے ہمیں چلیجنز ہیں‘ ہمارا ایٹمی پروگرام دشمن کی نظر میں کھٹک رہا ہے‘ سی پیک کے منصوے اور ضرب عضب اور گوادر کی وجہ سے ہمیں ہمارے دوست اور دشمن دونوں غیر مستحکم کرنے میں لگے ہوئے ہیں امریکہ نئی پالیسیاں لارہا ہے۔