ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کی نئی لہر، شارٹ فال ساڑھے 5 ہزار سے تجاوزکرگیا
اسلام آباد، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سرگودھا، کمالیہ (آن لائن+نامہ نگاران) ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی نئی لہر دوڑ گئی۔ شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی بندش سے معمولات زندگی تباہ ہو کر رہ گئے جبکہ دیہی علاقوں میں ٹرانسفارمرز جلنے سے عوام اذیت کا شکار ہیں۔ شہری علاقوں میں 10 سے 12 جبکہ دیہی علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ اس وقت ملک میں بجلی کی کھپت 23850 جبکہ پیداوار 18300 میگاواٹ ہے، اس طرح بجلی کا شارٹ فال 5550 میگاوا ٹ ہے جس کا مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ گوجرانوالہ میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ سے شہری سراپا احتجاج بن گئے جبکہ یو پی ایس اور بیٹریوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا۔ حافظ آباد اور گردونواح میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی۔ سرگودھا میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری بلبلا اٹھے شہری علاقوں میں 8 سے 10 دیہی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے تک بجلی بند کی جارہی ہے۔کمالیہ میں گذشتہ چند روز سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے شریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔