.پنجاب کے 36اضلاع میں محاصل کی تقسیم کا فارمولہ بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل
لاہور (احسن صدیق) پنجاب کے نئے صوبائی مالیاتی ایوارڈ کے لئے قائم کمشن نے 36اضلاع کے مابین قابل تقسیم محاصل کی تقسیم کا فارمولہ تشکیل دینے کیلئے ٹیکنیکل کمیٹی بنا دی ہے جس کے سربراہ ایم پی اے مخدوم ہاشم جواں بخت ہونگے دیگر ممبرز میں جماعت اسلامی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر وسیم اختر، ڈسٹرکٹ کونسل فیصل آباد اور نارووال کے چیئرمین‘ لمز کے علی چیمہ‘ صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، صوبائی سیکرٹری خزانہ‘ صوبائی سیکرٹری ہیلتھ اور صوبائی سیکرٹری تعلیم شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹیکنیکل کمیٹی ایک ماہ میں پنجاب کے لئے صوبائی مالیاتی ایوارڈ کیلئے فارمولہ تشکیل دے کر کمشن کے سامنے پیش کریگی اور صوبائی مالیاتی ایوارڈ کمشن اس کا جائزہ لے کر حتمی منظوری دے گا۔ ذرائع نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ موجودہ صوبائی مالیاتی ایوارڈ کے تحت صوبائی حکومت اور اضلاع کے مابین وسائل کی تقسیم کا تناسب بالترتیب 56فیصد اور 44فیصد ہے اور نئے صوبائی مالیاتی ایوارڈ میں صوبائی حکومت اور اضلاع کے مابین وسائل کی تقسیم کا تناسب موجودہ شرح کے مطابق رہیگا۔