• news

کوئی سازش نہیں ہوئی، نواز شریف نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا: خورشید شاہ

لاہور/ قصور (خبرنگار + نامہ نگار) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے نواز شریف کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی۔ یہ ایک روٹین کا عدالتی فیصلہ ہے البتہ نواز شریف کا یہ حق ہے وہ عوام کے پاس جائیں۔ وہ قصور میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد سے انکی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا شکر ہے ایک دھچکے کے بعد نوازشریف کو عوام اور پارلیمنٹ یاد آ گئے ہیں۔ نوازشریف میثاق جمہوریت پر عمل کرتے تو آج انہیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔ انہوں نے کہا عمران خان کو بھی نااہلی کا سامنا ہے۔ ان کے خلاف عائشہ گلالئی کے الزامات کافی سنجیدہ ہیں۔ انہیں پارلیمنٹ کے سامنے اپنی سچائی ثابت کرنا پڑے گی۔قصور سے نامہ نگار کے مطابق انہوں نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد بھی میاں نواز شریف نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا ہم شروع سے کہتے آئے ہیں میاں صاحب خدارا اداروں سے تصادم کی بجائے پارلیمنٹ پر یقین کریں لیکن بدقسمتی نوازشریف نے پارلیمنٹ کی طاقت کو ماننے کی بجائے ہمیشہ پارلیمنٹ کا مذاق اڑایا، میں اب بھی وارن کرتا ہوں مسلم لیگ (ن) نے محاذ آرائی کی راہ نہ چھوڑی تو میاں صاحب اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ بھی آئے، انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ کا فیصلہ ابھی تو ابتدا ہے ابھی تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا حساب ہونا باقی ہے جو عنقریب ہو گا۔ اس موقع پر سیاسی وسماجی، مذہبی، تاجر، وکلا اور صحافی برادری کے علاوہ دیگر تنظیموں کی شخصیات نے شرکت کی جن میں چیئرمین ضلع کونسل قصور انا سکندر حیات، وائس چیئرمین ضلع کونسل قصور سردار عزیر شعیب، چیئرمین مہر لطیف یوسی نظام پورہ، چیئرمین عبدالستار، صدر پر یس کلب قصور شریف مہر، چیئرمین سردار لیاقت ڈوگر، چیئرمین مبین غزنوی، چیئرمین سردار سرورڈوگر اور دیگر شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن