• news

فیصل آباد: باپ بیٹے کے قاتل کو سنٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

فیصل آباد + ماموں کانجن (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) باپ بیٹے کے قاتل کو سنٹرل جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ماموں کانجن کے علاقہ موضع حکیم کے کاٹھیہ کے عبدالرحمان کاٹھیہ نے 15سال قبل مچھلی کا شکار کرنے کے تنازعہ پر اپنے بھائی پہلوان اور اس کے بیٹے غلام نبی کو قتل کر دیا تھا جس پر وقوعہ کے دو سال بعد اس وقت کے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ذوالفقار خان ناصر نے اسے سزائے موت سنائی تھی۔ گزشتہ روز علی الصبح ساڑھے 4بجے سنٹرل جیل میں عملدرآمد کر دیا گیا۔ مجرم کو پھانسی پر عملدرآمد کے بعد اس کی نعش ضروری کارروائی نمٹاتے ہوئے ورثا کے حوالے کر دی۔ جیل ذرائع کے مطابق پھانسی سے قبل پیر کی رات کو اس کے لواحقین کے ساتھ آخری ملاقات کروائی گئی اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور قیدی اپنے پیاروں کو نصیحتیں کرتا رہا۔ ماموں کانجن سے نامہ نگار کے مطابق پھانسی کی سزا پانے والے شخص کو اسکے آبائی گائوں میں سپردخاک کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن