کراچی: نجی بنک میں ڈکیتی، مزاحمت پر منیجر کو قتل کر دیا گیا، ڈاکو رقم سمیت فرار
کراچی (آئی این پی) کراچی میں شارع قائدین پر نجی بینک میں ڈکیتی کے بعد ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر بنک منیجر کو قتل کر دیا، ڈاکو رقم لے کر فرار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے شارع قائدین پر مسلح ملزمان بینک میں داخل ہوئے اسلحہ کے زور پر رقم لوٹ لی واردات کے بعد فرار ہونے پر بینک مینیجر نے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے بینک منیجر سر میں گولی لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ ایس ایس پی ایسٹ عرفان بلوچ کے مطابق بنک میں 4 ڈاکو داخل ہوئے جو کیش کاؤنٹر سے تقریباً 2 سے 3 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی کے مطابق بینک منیجر کسی کام سے بنک سے باہر تھے کہ فرار ہوتے ڈاکوؤں کو دیکھ کر مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے بنک منیجر کی شناخت 40 سالہ عبدالرحمان موتی والا کے نام سے ہوئی ہے جس کی نعش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعے کا نوٹس لے کر ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔