• news

سیاست میں شعبدہ بازوں کی کوئی گنجائش نہیں: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست میں سیاسی شعبدہ بازوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ نیا پاکستان بنانے والوں نے ملک کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ جھوٹ، دھرنے اور بے بنیاد الزامات ان کی سیاست کا محور اور پہچان بن چکے ہیں۔ ہر معاملے پر یو ٹرن، دروغ گوئی اور منافقت ان کا معمول ہے۔ سیاست میں الزام تراشی، گالی گلوچ اور بدتمیزی کے کلچر کو انہی عناصر نے پروان چڑھایا۔ موجودہ حکومت کے خلاف روز اول سے ہی نیازی اینڈ پارٹی نے سازشوں اور الزامات کا تانا بانا بنا اور ملک کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹیں ڈالنا ان کا شیوہ بن چکا ہے۔ نواز شریف نے الزامات کی پروا کئے بغیر ترقی کا سفر تیزی سے جاری رکھا۔ گزشتہ 4 برسوں میں پاکستان نے جو اعلیٰ مقام حاصل کیا وہ سب کے سامنے ہے۔ عوام بلاجواز تماشا لگانے اور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں سے بیزار ہو چکے ہیں۔ گزشتہ انتخابات میں بھی عوام نے سیاسی شعبدہ بازوں کو رد کیا اور آئندہ بھی یہ عناصر اسی انجام سے دوچار ہوں گے۔ ملک کسی ایک پارٹی کا نہیں، سب نے مل کر اسے توانا اور خوشحال بنانا ہے۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں اور ہماری سیاست ہے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے نام پر افراتفری پھیلانے کی کوشش پاکستان سے دشمنی کے مترادف ہے۔ ملک کی ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والوں کو ہوش میں آنا چاہئے۔ عوام جھوٹ کی سیاست سے نفرت جبکہ سچی و مخلص قیادت سے دلی لگائو رکھتے ہیں۔ جھوٹ اور منافقت کی سیاست کا انجام دنیا دیکھے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی انتھک محنت اور جدوجہد کے باعث پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔ مسلم لیگ (ن) ہی ملک کی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے اور عوامی خدمت کی سیاست کی بنا پر مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں مزید مضبوط جماعت بن کر سامنے آئے گی۔ سیاست میں بدزبانی، گالی گلوچ اور دوسروں پر کیچڑ اچھالنے کا کلچر دھرنا پارٹی کا وطیرہ ہے۔ مخالفین نے گزشتہ 4 سال کے دوران ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔عوام ان عناصر کے عزائم سے آگاہ تھے اسی لئے انہیں ہرمحاذ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میرے قائد محمد نوازشریف کی جانب سے میری حقیر کاوشوں کا اعتراف میرا قیمتی اثاثہ ہے ۔ پورے پاکستان کی ترقی ہی میرا اور میرے قائد کا مشن ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر لمحہ جدوجہد ہی میرے قائد اور جماعت کی پالیسی ہے۔ پاکستان کے عوام اور محمد نواز شریف کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ٹوئٹر پیغام میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کا اعتماد ہی نواز شریف کا حوصلہ ہے اللہ تعالیٰ میرے لیڈر اور ریلی کے شرکاء کو اپنے امان میں رکھے۔ مخالفین نے سازشیں کرکے ان کو وزارت عظمیٰ سے ہٹایا لیکن وہ نواز شریف اور عوام میں تاہم پائیدار رشتے کو توڑ نہ سکے اور نواز شریف کی زیر قیادت ریلی اس امر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن