نوازشریف کی ریلی، جہلم، گجرات اور گوجرانوالہ جی ٹی روڈ کا متبادل ٹریفک پلان جاری
لاہور (سٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس پنجاب نے عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کے لیے مسلم لیگ ن کی ریلی براستہ جی ٹی روڈ جہلم، گجرات اور گوجرانوالہ تک موٹروے پولیس سے مل کر متبادل ٹریفک روٹ پلان و ڈائیورشن پلان بنایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کا جلوس آج جہلم سے براستہ جی ٹی روڈ گجرات کے لئے صبح 10:00بجے روانہ ہوگا۔ راولپنڈی سے لاہور آنے والی ٹریفک براستہ موٹر وے لاہور جا سکے گی۔ جہلم سے جلوس کی روانگی کے وقت راولپنڈی سے لاہور جانے والی بھاری گاڑیاں مندرہ سے چکوال روڈ موڑ موٹروے پر ڈال دی جائیں گی صرف جلوس میں شامل گاڑیاں ہی جہلم سے جانب گجرات جانے دی جائیں گی۔ریلی کی موومنٹ کے حساب سے مختلف مقامات پر ڈائیورشن پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں۔ اسی طرح جی ٹی روڈ پر جلوس کی وجہ سے اگر دونوں اطراف پر جلوس کی گاڑیاں آتی ہیں تو ٹریفک کو مناسب پوائنٹ سے متبادل راستہ پر ڈال دیا جائے گا۔حالات کے مطابق جی ٹی روڈ جلوس کے پوائنٹ کے قریب دونوں اطراف سے بند کی جا سکتی ہے ٹریفک پلان کے مطابق سابق وزیراعظم گجرات شہر میں جی ٹی ایس چوک میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس کی وجہ سے جی ٹی روڈ، سر گودھا روڈ، شادی وال لنک روڈ، ریلوے روڈ، عام ٹریفک کے لئے بند رہے گی تاہم گجرات بائی پاس جلسہ عام کے دوران ٹریفک کیلئے کھلا رہے گا۔ ڈنگہ، کنجاہ، منگو وال اور سرگودھا روڈ کے رہائشی حضرات گوجرانوالہ جانے کے لئے براستہ سرگودھا روڈ مانو چک، قادر آباد لنک علی پور چٹھہ جا سکیں گے۔ ڈنگہ، کنجاہ، منگو وال اور سرگودھا روڈ سے لاہور جانے والی گاڑیاں براستہ سالم انٹر چینج موٹر وے جا سکیں گے۔ بھمبر روڈ اور آزاد کشمیر کے علاوہ ملحقہ علاقوں سے آنے والی ٹریفک براستہ جلال پور جٹاں ہیڈ مرالہ سیالکوٹ جا سکیں گے ریلی کے وزیرآباد پہنچنے پر سیالکوٹ سے وزیر آباد آنے والی ٹریفک کو ریلی کی طرف نہ آنے دیا جائے گا اور سمبڑیال سے بجانب ہیڈمرالہ اور ڈسکہ موڑ دیا جائے گا۔ جی ٹی روڈ سے منسلک ذیلی سڑکوں کو حسب ضرورت بیریئر لگاکر ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا اور ٹریفک کو سائیڈ روڈز پر چلائی جائے گی ضلع گوجرانوالہ کی حدود میں پل چناب تا سادھوکی تمام استقبالیہ کیمپ جی ٹی روڈ پر واقع ہیں ان تمام استقبالیہ کیمپس کی پارکنگ کیمپ سے کم از کم 200سو میٹر دور ذیلی سڑکو ں پر کروائی جائے گی۔علاوہ ازیں چیف ٹریفک آفیسر لاہور ایس ایس پی رائے اعجاز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی ریلی کے موقع پر شہریوں کی سہولت اور شہر بھر میںٹریفک کو رواں دواںرکھنے کیلئے جامع ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے۔ٹریفک روٹ پلان کے مطابق 11 اگست کوگوجرانوالہ جی ٹی روڈ سے امامیہ کالونی پھاٹک ، شاہدرہ ، نیازی شہید چوک اور دربار داتاصاحب سمیت مختلف مقامات پر بوجہ جلوس عام ٹریفک کیلئے دونوں اطراف کی سڑکیں ممکنہ طور پر بند ہو سکتی ہیں۔شہری جی ٹی روڈ پرغیر ضروری سفر سے گریزکریںاور موٹروے کو ترجیح دیں ۔جنوبی پنجاب کی ٹریفک جو براستہ جی ٹی روڈ لاہور سے راولپنڈی جانا چاہتی ہے وہ لاہور سے براستہ موٹروے راولپنڈی جا سکتی ہے۔لاہور سے راولپنڈی اسلام آباد ، پشاور اور آزاد کشمیر آنے جانے والی ٹریفک بھی موٹروے استعمال کرے۔لاہور سے موٹروے تک رسائی کیلئے ٹھوکر نیاز بیگ اور بابو صابو انٹرچینج ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھلے ہوں گے جہاں ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات ہو گی۔ موٹروے کے علاوہ فیصل آباد، گوجرانوالہ ،جڑانوالہ اور شیخوپورہ کی ٹریفک کے لئے سگیاں برج کھلا ہو گا۔جی ٹی روڈسے منسلکہ شاہدرہ ٹائون، کالا خطائی ،رسول پارک، بہار شاہ کالونی سے لاہورمیں آمدورفت کے لئے پرانا راوی پل کا استعمال کریں۔شاہدرہ ،ونڈالہ ، جیا موسیٰ، بیگم کوٹ ، فرخ آباد سے لاہورمیں آمدورفت کے لئے سگیاں پل کا استعمال کریں ۔نارووال ، نارنگ منڈی سے براستہ کالا خطائی روڈ،حاجی کوٹ سے بذریعہ پرانا راوی پل لاہور میں داخل ہو سکیںگے۔جی ٹی روڈ سے آنے والے لوگ براستہ کالا شاہ کاکو انٹرچینج موٹروے کو استعمال کرتے ہوئے سگیاں ، بابو صابو اور ٹھوکر نیاز بیگ سے لاہور میں داخل ہو سکیں گے۔مال روڈ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ، بند روڈ اور رنگ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھلیں ہوں گی ۔میٹرو بس سروس ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک بند رہے گی جبکہ ایم اے اوکالج سے گجومتہ تک کھلی رہے گی۔