• news

;;;;شیخوپورہ، قصور: نہر، تالاب میں 2 نوجوان اور 5 سالہ بچہ ڈوب گئے

شیخوپورہ/ مریدکے/ قصور / فیروزوالہ(نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) مختلف مقامات پر نہر اور تالاب میں 2 نوجوان اور 5 سالہ بچہ ڈوب گئے، بروقت طبی امداد نہ ملنے پر قصور میں بچے کے ورثاءکا ڈاکٹروں کیخلاف احتجاج۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ارائیانوالہ فیصل آباد روڈ کا 16سالہ سہیل خانپور نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، نعش دو گھنٹے بعد تلاش کرکے ورثاءکے حوالے کی گئی جس کے فوری بعد ایک اور 20 سالہ محنت کش عامر ایوب کے ڈوبنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر ریسکیو 1122 نے دوبارہ تلاش شروع کردی اور کئی گھنٹے کے بعد نعش تلاش کرکے ورثاءکو مطلع کر دیا۔ عامر ایوب ضلع میانوالی کے علاقہ کالا باغ کا رہائشی تھا۔ دونوں نوجوان اپنے خاندان کا پیٹ پالنے کی خاطر مقامی فیکٹریوں میں کام کرتے تھے۔ قصور میں حاجی گگہ کے شبیر احمد کا پانچ سالہ بیٹا جمیل احمد گھر کے پاس تالاب میں نہا رہا تھا کہ ڈوب کر بے ہوش ہوگیا جسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑ گیا۔ تاہم بچے کے ورثاءنے بچے کی موت کی ذمہ داری ڈاکٹروں پر ڈال کر میت ہسپتال کے گیٹ پر رکھ کر احتجاج کرنا شروع کردیا۔ تاہم ڈاکٹروں اور مقامی پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین پرامن منتشر ہوگئے۔
نوجوان/ بچہ ہلاک

ای پیپر-دی نیشن