• news

;;;;;پنجاب: تعلیمی اداروں میں تمام قسم کے کولڈ اور انرجی ڈرنکس پر 14 اگست سے پابندی عائد

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں 14اگست سے تمام قسم کی کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس پر مکمل پابندی عائد کر دی۔ اس سلسلے میں پنجاب فوڈاتھارٹی نے کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس بنانے والی تمام کمپنیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام تعلیمی اداروں اور ان کے احاطے کے 100میٹر کے اندر کسی قسم بھی کینٹین ، دکان یا ڈرنک کارنر کو بوتلیں سپلائی نہ کی جائیں‘ پابندی کا اطلاق 14اگست سے ہو جائے گا‘ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا‘ سپلائی مہیا کرنے والے سپلائر کے ساتھ ساتھ متعلقہ کمپنی کو بھی جرمانے اور سزاﺅں کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے اس حوالے سے بتایا کہ کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس کے بچوں کی صحت، خصوصاً ہڈیوں کی نشوونما پر پڑنے والے منفی اثرات کے پیش نظر دنیا بھر کے 120ممالک میں سکولوں اور ان کے اردگرد کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی عائد ہے جن میں نہ صرف امریکہ برطانیہ جیسے ممالک بلکہ سعودی عرب اور دیگر عرب ریاستیں بھی شامل ہیں۔ جدید ممالک میں اس پابندی کا اطلاق 2006ءسے ہی کر دیا گیا تھا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی سائینٹفک پینل نے پنجاب ایجوکیشنل انسٹیٹیوشن فوڈ سٹینڈرڈ ریگولیشن 2017ءتیار اور پاس کروا کر سکولوں میں سپلائی ہونے والی خوراک کو ریڈ، ییلو اور گرین کے درجوں میں تقسیم کیا ہے۔ نورالامین مینگل نے مزید بتایا کہ پابندی پر عملدرآمد کروانے کے لئے بورڈ کی اجازت اور حمایت سے 701خصوصی آپریشن ٹیمیں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں‘ علاوہ ازیں14 اگست سے 13 ستمبر تک صوبہ بھر میں کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس پر پابندی اورعملدرآمد مہینہ کے طور پر منایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن