• news

نجم سیٹھی بلا مقابلہ چیئرمین منتخب، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہدف بنالیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ نے اتفاق رائے سے نجم سیٹھی کو اگلی تین سالہ مدت کے لیے نیا چیئرمین پی سی بی منتخب کر لیا ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والے اجلاس میں چیئرمین شپ کے لیے صرف نجم سیٹھی نے کاغذات نامزدگی الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر کو جمع کرائے جنہوں نے نئے گورننگ بورڈ کے ارکان سے رائے لینے کے بعد نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی نامزد کرنے کا اعلان کر دیا۔ اجلاس میں پیٹرن انچیف کی جانب سے گورننگ بورڈ کے نامزد رکن عارف اعجاز، لاہور ریجن کے خواجہ ندیم، سیالکوٹ کے نعمان بٹ، کوئٹہ کے مراد اسماعیل، سیکرٹری آئی پی سی امجد علی خان، پاکستان واپڈا کے نمائندے لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین، ایچ بی ایل کے نمائندے معظم کے ڈار، سوئی سدرن گیس کمپنی کے مفطیع اسماعیل شامل تھے جبکہ یو بی ایل کے منصور مسعود سے ٹیلی فون پر رائے لی گئی۔ نجم سیٹھی نے چیرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد گورننگ بورڈ کے اراکین کا انہیں سپورٹس کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ نئے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ میرا اولین ہدف پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کےساتھ ساتھ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کو واپس لانا ہے۔ شہریار خان اور گورننگ بورڈ کا شکریہ جنہوں نے مجھے بھرپور سپورٹ کیا۔ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کا معاملہ طے پا گیا ہے، ملک میں ضمنی انتخابات اور پاکستان ٹیم کی سری لنکا کے خلاف سیریز کےلیے یو اے ای روانگی کی وجہ سے شیڈول طے پا گیا ہے جس کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔ ورلڈ الیون میں تیرہ سے پندرہ نوجوان کرکٹرز ہیں ان میں کوئی ریٹائر کرکٹر نہیں ہے، پنجاب حکومت مہمان ٹیم کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرئے گی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بورڈ میں جس کی پرفارمنس اچھی ہوگی اسے کام جاری رکھنے کی اجازت دی جائے گی جو کام نہیں کرتا اسے فارغ کر دیا جائےگا۔ آج سری لنکا جا رہا ہوں جہاں انڈر 19 ٹورنامنٹ کے بھارت سے وینو کی تبدیلی کےلیے آواز اٹھائی جائےگی جبکہ اس موقع پر دیگر ممالک کے حکام سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی۔ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے بعد کوشش کرینگے کہ سری لنکا ٹیم یو اے ای میں سیریز کے کچھ میچز پاکستان کھیلنے پر آمادہ ہو جائے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ ہمارے ساتھ سیریز کھیلنے پر آمادہ ہے لیکن ان کی حکومت اجازت نہیں دے رہی ہے، بھارت نے ایم او یو کے تحت سیریز نہیں کھیلی ہے جس کا معاملہ آئی سی سی ڈسپوٹ کمیٹ یمیں اٹھایا جائےگا یا پھر بھارت ہمارے نقصان کا ازالہ کرے۔ بھارت کےخلاف کیس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔جہاں ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا چیلنج ہے۔ پاکستان ویمن کرکٹ نے بڑا مایوس کیا ہے جس میں مشاورت سے تبدیلیاں لائی جائیں گی ایک دو ماہ میں اچھی خبریں ملیں گی جس میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پروگرام شامل ہے۔ایگزیکٹو کمیٹی اور پاکستان سپر لیگ کے تمام معاملات کو خود دیکھوں گا۔ ورلڈ الیون کے سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کےلیے وزیر اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف اور سیکرٹری داخلہ سے دو مرتبہ ملاقات کر چکا ہوں۔ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر تاریخوں کا اعلان ابھی نہیں کیا جا سکتا ہے۔ آئی سی سی نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کےلیے بجٹ بنایا ہے جبکہ ہم بھی کوشش کر رہے ہیں ہمیں اس سلسلہ میں سپانسر شپ اور آئی سی سی سے گرانٹ مل جائے۔ پی سی بی کے آئین میں کہیں نہیں لکھا ہے کو گورننگ بورڈ میں کرکٹرز کا ہونا ضروری ہے تاہم ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ گورننگ بورڈ میں ایک سے دو سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو شامل کیا جائےگا۔ پاکستان سپر لیگ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کاباعث شروع ہو گئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے ماڈل کے تحت آٹھ ٹیمیں ہونگی ابھی چھٹی ٹیم کو شامل کیا گیا ہے۔ سپر لیگ کی اہمیت کے پیش نظر اس کی مالی پوزیشن بھی بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ اور سیاست کو ایک دوسرے سے الگ رکھا جائے۔ بورڈ کا پیٹرن صدر یا وزیراعظم کوئی بھی ہو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے میرے خلاف پٹیشن دائر کر رکھی تھی جسے خارج کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن