• news

امن و استحکام کیلئے تمام ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے خواہاں ہیں: صدر ممنون

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) میانمار‘ جرمنی‘ سعودی عرب‘ روانڈا‘ سیرالیون‘ عوامی جمہوریہ لا‘ پیراگوئے اور میکسیکو کے نامزد سفرائے کرام نے جمعرات کو صدر ممنون حسین کو ایوان صدر میں ایک باوقار تقریب کے دوران اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ بعد میں ان سفیروں اور ہائی کمشنر نے صدرملکت سے علیحد علیحدہ ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن‘ استحکام اور خوشحالی کیلئے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ صدر نے غیرملکی سفارتکاروں کو تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنے کردارادا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہاپسندی کو ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ سفارتی اسناد پیش کرنے والوں میں میانمار کے سفیر ون معینٹ‘ جرمنی کے مارٹن کوہلر‘ سعودی عرب کے سفیر کموڈور نواف سعید احمد المالکی‘ روانڈا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل کیونگا چارلس‘ سیرالیون کے ہائی کمشنر مسٹر علی مامے امارا کمارا‘ عوامی جمہوریہ لا کی سفیر مس وانڈے بوتھا ساونگ‘ پیراگوئے کے سفیر نیلسن الڈس موراروڈاس اور میکسیکو سفیر جوزالفانسوز گبی کیمارینہ شامل تھے۔ اس سے قبل ایوان صدر پہنچنے پر پاکستان اور متعلقہ ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور سفارتکاروں کو افواج پاکستان کے دستوں کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
صدرممنون

ای پیپر-دی نیشن