پاکستان، چین تعاون کسی تیسرے فریق کیخلاف نہیں ہے: چینی سفیر
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اندرونی تبدیلیاں پاک چین دوطرفہ تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتیں، ماضی میں بھی چٹان کی طرح مضبوط دوستی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر تبدیلیوں کے خلاف مستحکم کھڑی رہی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے حال ہی میں نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ پاک چین تعلقات وقت کی ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں اور چین اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ان کی زیر قیادت پاکستانی حکومت قومی اتحاد و استحکام کو تحفظ دینے اور اقتصادی و سماجی استحکام کیلئے انتہائی پرعزم ہے۔ سن وی ڈونگ نے کہا کہ سی پیک دوطرفہ تعلقات کا سب سے اہم فورم بن چکا ہے۔ انہوں نے سیمینار کے شرکاءکو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبے کا باقاعدہ آغاز 2015ءمیں کر دیا گیا تھا اور اب یہ ابتدائی مرحلا مکمل ہونے کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک ارب ڈالر کے منصوبوں پر تعمیر کا کام جاری ہے جس میں سے 11 منصوبے توانائی سیکٹر سے متعلق ہیں۔ سن وی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان میں توانائی بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں ممالک نے توانائی منصوبوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی انٹرپرینیورز نے سی پیک چھتری کے تحت 60 ہزار پاکستانی ملازمین کو بھرتی کیا ہے، اس کے علاوہ چینی تاجروں نے گوادر سٹی میں فش پروسیسنگ سیکٹر میں بھی سرمایہ کاری کی ہے جس سے مقامی ماہی گیروں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آ چکی ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کو طاقتور اور مضبوط اقتصادی ملک دیکھنے کا خواہاں ہے۔ چین پاکستانی برآمدات میں اضافہ کیلئے بھر تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تعاون کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں لیکن یہ تمام خطہ کی خوشحالی اور امن کیلئے فائدہ مند ہے۔ اپوزیشن رہنما راجہ ظفرالحق اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
چینی سفیر