• news

کراچی:پولیس افسر پُراسرارہلاک، فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ مارا گیا ، سیاسی کارکن سمیت 3 زخمی

کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں سیکیورٹی گارڈ ہلاک اور سیاسی کارکن سمیت3 افراد زخمی ہوئے جبکہ پولیس افسر پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔ نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں نامعلوم افراد نے پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے۔ مقتول 25 سالہ علی بخش ولد اول خان کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے عباسی شہید ہسپتال پہنچایا گیا۔ علی بخش کو بنگلے میں گھسنے کی کوشش کرنے والے ڈاکوﺅں نے فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ ادھر پریڈی کے علاقے میں پولیس کا سب انسپکٹر پُراسرار طور پر نعش ایم اے جناح روڈ پر این ایم آئی ہسپتال کے قریب سے ملی۔ سب انسپکٹر صدیق ولد محبت علی اینٹی کار لفٹنگ سیل میں تعینات تھا۔ سب انسپکٹر صدیق کی موت دل کا دورہ پڑنے کا نتیجہ معلوم ہوتی ہے تاہم اس بارے میں مزید تفتیش جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں سیاسی جماعت کے کارکن سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ پاک سرزمین پارٹی کا کارکن45 سالہ ہمایوں حیدر سعود آباد میں فائرنگ سے زخمی ہوا جبکہ کورنگی میں ناصر جمپ کے قریب مسلح ملزمان نے رقم چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی جس سے میں دو افراد30 سالہ سمیع اور35 سالہ شہاب الدین زخمی ہوگئے۔کراچی کے مختلف علاقوںمیں رینجرز پولیس کارروائیوں کے دوران گینگ وار ملزم آصف شاکا سمیت30 افراد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز کی کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی سات ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ ملزمان میں ایم کیو ایم حقیقی کا کارکن صغیرعرف منصورڈانسربھی شامل ہے جسے شرافی گوٹھ سے گرفتار کیا گیا۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق ملزم صغیر عرف منصور ڈانسر دکانوں سے بھتہ وصولی میں ملوث تھا اس کے علاوہ سعود آباد سے گینگ وار کے کارندے آصف عرف شاکا کی گرفتاری عمل میں آئی جبکہ فیروز آباد کے علاقے سے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث چار ملزمان فائق‘ ندیم ‘ طارق سجاد اور فیضان کے علاوہ ایک جیب تراش وسیم عرف شینا کو گرفتار کیا گیا۔ اورنگی ٹاﺅن، سٹی اسٹیشن، چاکیواڑہ، مدینہ کالونی اور سعید آباد میں پولیس کارروائیوں میں منشیات فروش خاتون سمیت 9 ملزمان گرفتار کرلیے گئے جبکہ سائٹ میں سرچ آپریشن کے دوران 14 مشتبہ افراد کو حراست لے لیا گیا۔ تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ چاکیواڑہ میں پولیس سرچ آپریشن کے دوران 2 ملزمان جہانزیب عرف جاڑوک کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں منشیات ملی ہے۔اورنگی ٹاﺅن پولیس نے کاروائی کے دوران خاتون منشیات فروش ماجدہ سمیت 2 گرفتار کرکے منشیات برآمد کر لی۔ بلدیہ ٹاون مدینہ کالونی میں پولیس نے کارروائی کرکے 3 ملزمان گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی، جبکہ سعید آباد میں پولیس نے غیرقانونی ہائیڈرنٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرکے واٹر ٹینکر قبضے میں لے لیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ کراچی عرفان بلوچ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پولیس نے افغان خفیہ ایجنسی کے لئے کام کرنے والے دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ دہشت گرد گل دین کا تعلق افغانستان سے ہے۔ دہشت گرد سے پاکستان کا نقشہ برآمد ہوا جس میں بلوچستان علیحدہ دکھایا گیا۔
کراچی دہشت گردگرفتار

ای پیپر-دی نیشن