دریائے چناب پر نیو خانکی بیراج کی تعمیر مکمل ہو چکی: صوبائی وزیر آبپاشی
لاہور(نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر آبپاشی امانت اللہ خان شادی خیل نے کہا ہے کہ وزیر آباد کے قریب دریائے چناب پرنیوخانکی بیراج کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے۔محکمہ آبپاشی پنجاب نے 1892میں تعمیر کیے گئے خانکی بیراج سے ایک کلو میٹر (Downstream)کے فاصلے پر دریائے چناب پر ایک جدید بیراج بنا یا ہے۔ پرانا بیراج شکست و ریخت کا شکار ہو چکا تھا جس سے اس کی کارکردگی بھی بری طرح متاثر ہو رہی تھی۔ اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ آبپاشی نے چار سال قبل یہاں ایک نئے بیراج کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع کیا۔ جسے اب مکمل کر لیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے بتایا کہ نئے منصوبے کی تعمیر سے نیو خانکی بیراج کی استعداد کار 8لاکھ کیوسک سے بڑھ کر 11لاکھ کیوسک ہو گئی ہے اور اب یہ سیلاب کے دنوں میں پانی کا اخراج موثرطریقے سے کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کی بدولت پنجا ب کے اضلاع گوجرانوالہ، حافظ آباد، شیخوپورہ ، ننکانہ صاحب ، فیصل آباد ، جھنگ ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگ کی 30لاکھ ایکڑ کی زرعی اراضی کو آبپاشی کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔منصوبے کی تکمیل سے لوئر چناب کینال سے 11653کیوسک پانی کی ترسیل سے اس بڑی نہر کے نظام میں 2925چھوٹی نہروں کو مطلوبہ پانی کی فراہمی بہتر طریقے سے ہو سکے گی۔ امانت اللہ خان شادی خیل نے بتایا کہ نیو خانکی ڈیم پراجیکٹ کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ بیراج کے ساتھ ساتھ محکمہ آبپاشی نے وہاں ایک بنیادی مرکز صحت، ایک گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اور آٹھ ایکڑ سے زائد رقبے پر تفریحی پارک بھی تعمیر کئے ہیں جس سے گر د و نواح کے دیہات کے عوام کو صحت ، تعلیم اور تفریح کی بنیادی سہولتیں میسر آئی ہیں۔